حکومت کاروباری طبقے سے مستقل رابطہ استوار رکھے تاکہ معیشت بہتر کی جا سکے: میاں منشا کی صدر عارف علوی کو تجویز

04:05 PM, 25 Feb, 2020

نیا دور
لاہور: صدر عارف علوی سے مل کر کاروبار اور معیشت کو در پیش مسائل پر بات چیت کے لئے میاں منشا نے لاہور کے کاروباری افراد کے وفد کی سربراہی کی۔

منگل کی شام چیئرمین نشاط گروپ میاں محمد منشا کی طرف سے صدر عارف علوی، مسز ثمینہ علوی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے کاروباری افراد اور ان کی فیملیز کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کاروباری طبقے نے صدر مملکت سے مل کر کاروبار کی ترویج کے کے لئے ماحول کو بہتر بنانے سے متعلق تجاویز دیں۔

اس تقریب میں طارق سہگل چیئرمین کوہ نور گروپ، نسیم سہگل چیئرمین پاک الیکٹرون لمیٹڈ، طارق رفیع چیئرمین صدیق سنز گروپ، انجم نثار صدر ایف پی سی سی آئی، خورشید محمود قصوری سابقہ وزیر خارجہ، سید یاور علی چیئرمیں نیسلے پاکستان، زکا اشرف چیئرمین اشرف گروپ، خاور رفیق چیف ایگزیکٹو رائل فین، شاہد عبداللہ ڈائریکٹر سفائر گروپ، رضا باقر گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان کے علاوہ لاہور کی معروف شخصیات اور ان کی فیملیز نے شرکت کی۔

اس موقع پر میاں محمد منشا جو اس وفد کی قیادت کر رہے تھے نے کہا کہ ”ہم حکومت کی سکیورٹی کے شعبے میں ترقی اور پی ایس ایل کو واپس لانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ افغانستان میں امن کا قیام بھی حوصلہ افزا ہے کیونکہ اس سے خطے میں سکیورٹی اور معیشت میں بہتری آئے گی۔ پاکستان افغانستان اور وسطی ایشیا کے ممالک کے مابین تجارت کو فروغ ملے گا اور اس سے دونوں ممالک کے کاروباری طبقہ کے مابین مربوط رابطہ ممکن ہو گا جس سے عوام کے لئے معاشی خوشحالی کا وعدہ پورا ہو سکے گا‘‘۔

نشاط گروپ کے چیئرمین میاں منشا نے مزید کہا کہ کاروباری طبقہ مرکزی سٹیک ہولڈر ہے اور حکومت کو چاہیے کہ ہم سے مستقل رابطہ استوار رکھے تاکہ ہم مکمل محنت سے معاشی ترقی حاصل کر سکیں۔ کاروباری طبقے کو بھی ایسا سازگار ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جس میں ہراساں کیے جانے، دھمکی دیے جانے اور بیورو کریسی کی طرف سے ناجائز دباؤ جیسے عناصر نہ ہوں تاکہ وہ مکمل توجہ کے ساتھ اپنی تمام کوششیں اپنی معاشی سرگرمیوں پر مرکوز رکھ سکیں جن کے بغیر نہ تو معاشی ترقی ممکن ہے، نہ ہی نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے‘‘۔

عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ پاکستان کو معاشی مشکلات در پیش ہیں۔ لیکن اب مثبت اشارے ملنا شروع ہو گئے ہیں کہ برا وقت گزر چکا ہے اور ہماری معیشت اور خاص طور پر ہماری سوسائٹی اب بحالی کی طرف گامزن ہے۔ کاروباری طبقے نے پاکستان کی ترقی میں بے شمار خدمات سر انجام دی ہیں اور ہم آپ سے مزید کچھ مشکل وقت کو برداشت کرنے کی توقع کرتے ہیں جب تک کہ حکومت کی اصلاحات کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا اور نتائج آنا شروع نہیں ہو جاتے۔

اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے صدر مملکت نے کاروباری طبقے کو مکمل اعتماد کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ کاروباری ماحول کو بہتر کرنے میں حکومت مستقل بنیادوں پر آپ سے رابطہ میں رہے گی۔

نشاط گروپ آف کمپنیز پاکستان کے انشورنس، سیمنٹ، ٹیکسٹائل، پیپر، پاور، ڈیری، ہاسپٹلٹی، ریئل اسٹیٹ، اور آٹو موبیل کے معروف گروپس میں سے نمایاں اور تیزی سے ترقی کرتا ہوا گروپ ہے۔ اس گروپ نے پاکستان کی صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اور ملک کے نجی شعبے میں سب سے بڑا روزگار فراہم کرنے، ٹیکس دینے اور برآمدات کرنے والا گروپ ہے۔
مزیدخبریں