تفصیلات کے مطابق ملزم محسن بیگ کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت جوڈیشل مجسٹریٹ وقار حسین گوندل نے منظور کی۔
ملزم محسن بیگ کے خلاف تھانہ مارگلہ نے ناجائز اسلحہ کا مقدمہ نمبر 87 درج کیا تھا۔
وکیل صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ مقدمہ میں لگی دفعہ قابل ضمانت جرم ہے لہذا ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے 30 ہزار روپے مچلکوں پر ملزم محسن بیگ کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔
گذشتہ دنوں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے صحافی محسن بیگ کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے وکلا کے دلائل کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
صحافی محسن بیگ کو دوروزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد 23 فروری کو اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ کے رو بہ رو پیش کیا گیا۔ مقدمے میں مارگلہ پولیس نے عدالت سے محسن بیگ کے مزید دو دن کا جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔
دورانِ سماعت جج نے پولیس سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا تفتیش مکمل ہو گئی ہے؟ کون سی ویڈیو لینی ہے کیا پولو گرافکس ٹیسٹ ہو گیا ہے؟
واضح رہے کہ اسلام آباد میں محسن بیگ کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے گرفتار کیا تھا، اس موقع پر ہونے والی فائرنگ سے ایف آئی اے کا ایک اہلکار زخمی بھی ہو گیا تھا۔
محسن بیگ کی گرفتاری وفاقی وزیر مراد سعید کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر پر عمل میں آئی تھی۔