ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 40 فیصد سے تجاوز کر گئی

10:10 AM, 25 Feb, 2023

نیا دور
ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔ادارہ شماریات کے  مطابق 5 ماہ سے زائد عرصے کے دوران پہلی بار 40 فیصد سے تجاوز کر گئی۔ گھی، مرغی، دالیں، چاول اور دودھ دہی سمیت روزمرہ استعمال کی ہر شے مہنگی ہوگئی۔

ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 2.78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا. مہنگائی کی مجموعی ہفتہ وار شرح 41.54 فیصد پہنچ گئی جو اس سے پہلے والے ہفتے میں 38.42 فیصد تھی۔

البتہ ایک ہفتے پہلے کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح میں ہفتہ وار بنیادوں پر 2.8 فیصد سے کم ہو کر 2.78 فیصد ہوگئی۔

اس میں شمار کی گئی 51 اشیا میں سے 33 کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 6 کی قیمت کم ہوئی جبکہ 12 اشیا کی قیمتیں برقرار رہیں۔

رواں ہفتے کے دوران جن اشیا کی قیمتوں میں ایک سال قبل کے اسی ہفتے کے مقابلے میں اضافہ ہوا اس میں پیاز 372 فیصد، سگریٹ 164.7 فیصد، گیس 108.38 فیصد، چکن 85.7 فیصد، ڈیزل 81.36 فیصد، انڈے 75.81 فیصد، اری 6/9 چاول 74.41 فیصد، باسمتی کا ٹوٹا چاول 74.16 فیصد، کیلے 72.22 فیصد، دھلی مونگ کی دال 70.39 فیصد اور پیٹرول 69.87 فیصد مہنگا ہوا۔ چینی کی فی کلو اوسط قیمت 3 روپے 15 پیسے بڑھ گئی۔

ایک ہفتے کے دوران دہی، تازہ دودھ، بیف اور مٹن مہنگا ہوگیا۔ اس کے علاوہ آٹے، گڑ اور آلو کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات نے بتایاکہ حالیہ ہفتے پیاز کی قیمت 13.84 فیصد ، لہسن 3.03 فیصد، دال چنا 0.21 فیصدکمی ہوئی۔ ایل پی جی کا گھریلو سلینڈر 0.81 فی صد سستا ہوا۔
مزیدخبریں