وفاقی حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا

11:52 AM, 25 Jan, 2021

نیا دور

ذرائع کے مطابق چاروں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو دینے کے لیے معاملہ سی سی آئی لے جانے کافیصلہ کیا گیا ہے۔


ذرائع کا کہنا ہےکہ وفاقی حکومت نے حیدر آباد اور سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنیاں سندھ جب کہ پشاور اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنیاں خیبر پختونخوا حکومت کو دینے کا منصوبہ بنایا ہے اور اس سلسلے میں پاور ڈویژن کو معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔


ذرائع کے مطابق بجلی چوری، ترسیل اور تقسیم کے نقصانات سنگین مسئلہ بن چکا ہے جب کہ بلوں کی عدم ادائیگی بھی ایک بڑا مسئلہ ہے۔


ذرائع نے بتایا کہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سالانہ نقصانات 38.69 فیصد پر پہنچ چکے ہیں اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 16.19 فیصد ہیں جب کہ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سالانہ نقصانات 36.27 فیصد  اور حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نقصانات 28.82 فیصد پر پہنچ گئے۔
مزیدخبریں