لاہور ہائیکورٹ نے ریور راوی منصوبہ غیر قانونی قرار دے دیا

08:20 AM, 25 Jan, 2022

نیا دور
لاہور ہائی کورٹ نے ریور راوی منصوبے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عہدیداران نے منصوبے کے لیے اراضی حاصل کرنے میں قانون پر عمل درآمد نہیں کیا۔

جسٹس شاہد کریم، وقار اے شیخ اور شیراز ذکا مشتمل تین رکنی بینچ نے ریور راوی سے متعلق درخواستوں پر اوپن کورٹ میں محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ ریور راوی منصوبے کے لیے قواعد و ضوابط پورے نہیں کیے گئے بلکہ ماسٹر پلان مقامی حکومت کے تعاون کے بغیر بنایا گیا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ روڈا کا ترمیمی آرڈیننس غیر قانونی ہے، زرعی اراضی صرف قانونی طور پر ہی حاصل کی جا سکتی ہے، مذکورہ منصوبے میں 1894ء کے قانون کیخلاف ورزی کرتے ہوئے زمین حاصل کی گئی۔

عدالت نے دفعہ 4 کا اراضی ایکوائرمنٹ کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور اور شیخوپورہ کے کلکٹر زمین کرنے کے لیے قانون پر عمل کرنے میں ناکام رہے۔

عدالت نے راوی اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کو پنجاب حکومت سے لیا گیا قرضہ واپس کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے راوی اربن منصوبہ غیر قانونی قرار دے دیا۔

یاد رہے دسمبر 2020 میں سول سوسائٹی، ماہرین قانون اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے اس پر شدید تشویش کا اظہار کیاتھا کیونکہ وہ روڈا ایکٹ 2020 کو آئین پاکستان میں بیان کیے گئے شہریوں کے بنیادی حقوق سے متصادم قرار دیتے ہیں۔

اس حوالے سے لاہور کنزرویشن سوسائٹی سیکریٹری (انفارمیشن) ڈاکٹر اعجاز انور نے ڈان سے گفتگو میں افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دریائے راوی کے ساتھ لاہور میں اتنے بڑے منصوبے پر عملدرآمد کے لیے اتھارٹی کو اس طرح کے انتہائی درجے کے اختیارات دینے پر مجھے حیرانی ہوئی، یہ ہمارے آئین کی صریح خلاف ورزی ہے جو ہم شہریوں کو مختلف بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔

ڈاکٹر اعجاز انور کا کہنا تھا کہ ایکٹ کی مندرجہ بالا شقیں واضح طور پر حکومت کی طرف سے کسی بدنیتی کے حصے کو ظاہر کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ عدلیہ اس طرح کے قوانین کا نوٹس لیں جو آئین سے متصادم ہیں۔

2 جنوری کو لاہور ہائی کورٹ نے انوائرمنٹ امپیکٹ اسیسمنٹ کے بغیر راوی ریور اربن پروجیکٹ کو تعمیر کرنے سے روک دیا تھا۔

درخواست پر سماعت کے دوران پنجاب حکومت کے وکیل نے موقف اپنایا کہ راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پروجیکٹ کے ماحولیاتی اثرات سے متعلق محکمہ تحفظ ماحول سے رپورٹ مانگی گئی تھی۔

عدالت نے راوی ریور اربن پروجیکٹ کو محکمہ تحفظ ماحول کی منظوری سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ محکمے کے مکمل جائزے اور منظوری کے بعد راوی ریور اربن پروجیکٹ پر کام کیا جائے۔

جسٹس شاہد کریم نے حکم دیا کہ محکمہ تحفظ ماحول کی منظوری اور ماحولیاتی اثرات کا جائزہ لیے بغیر راوی ریور پروجیکٹ پر کوئی کام شروع نہ کیا جائے۔
مزیدخبریں