پی ڈی ایم کا 23 مارچ کو حکومت کیخلاف مہنگائی مارچ کرنے کا اعلان

02:44 PM, 25 Jan, 2022

نیا دور
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) نے 23 مارچ کو حکومت کیخلاف مہنگائی مارچ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اس تاریخ کو ملک کے کونے کونے سے لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

پی ڈی ایم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تمام ذیلی جماعتوں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ 23 مارچ کو مہنگائی مارچ کے حوالے سے اپنی تمام تر تیاریاں جاری رکھیں۔ مہنگائی مارچ اس حکومت کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کی معیشت کا مذاق بنا رکھا ہے۔ مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ ٹرانپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن کا جھوٹا اور مصنوعی نعرہ لگانے والوں کو آئینہ دکھا دیا ہے۔ یہ پوری جماعت کرپٹ ہے، اس کی تخلیق ہی کرپشن پر رکھی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان مجرم قرار پا چکے ہیں۔ نہ لی گئی تنخواہ پر نااہل قرار دیدیا گیا لیکن دوسری جانب 22 اکائونٹس چھپانے والے کو تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کل اس ملک میں ایک خلائی تجویز سرگرم ہے۔ صدارتی طرز حکومت کی پاکستان میں ایک سیاہ تاریخ ہے۔ صدارتی نظام آمریت کا دوسرا نام ہے۔ پارلیمانی طرز حکومت کا خاتمہ ایک سازش لگتی ہے۔ ہم اس ناپاک سازش کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ صدارتی نظام سے ماضی میں ملک ٹوٹا، یہ ہم کبھی قبول نہیں کریں گے۔ ہم نے ملک کے بقا کی جنگ لڑی ہے اور آئندہ بھی لڑیں گے۔
مزیدخبریں