وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سرکاری افسران کو دھمکی دینے کے مقدمے سے بری

12:19 PM, 25 Jul, 2023

حسن نقوی
گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سرکاری افسران کو دھمکی دینے سے متعلق کیس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو بری کردیا۔

مدعی مقدمہ نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے خلاف الزامات واپس لے لیے۔ مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ عدالت کے رانا ثنا اللہ کو مقدمہ سے خارج یا بری کرنے پر اعتراض نہیں۔

رانا ثنا اللہ کے خلاف چیف سیکرٹری اور سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج تھا۔ گزشتہ پیشی پر اے ٹی سی گوجرانوالہ  نے رانا ثنا اللہ کو بذریعہ پولیس طلبی کا نوٹس بھی جاری کیا تھا۔

سرکاری افسران اور ان کی فیملیز کو دھمکانے پر رانا ثنا اللہ کے خلاف 25 اگست 2022 کو تھانہ انڈسٹری ایریا گجرات میں شاہ کاز اسلم نامی شہری کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو انجام تک پہنچایا جائے گا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہاں آنے سے قبل کسی کو اطلاع نہیں کی۔ ہم نے عدالتوں کے دروازے توڑے نہ ججز کو کام سے روکا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ہم ایک عام آدمی کی حیثیت سے عدالتوں میں پیش ہوئے ہیں اور قانون کا سامنا کیا۔ مجھ سمیت ہمارے تمام قائدین عدالتوں میں پیش ہوئے ہیں۔ہم نے سروں پر بالٹیاں نہیں رکھیں اور نہ اس طرح کے ڈرامے کیے۔
مزیدخبریں