علاقے میں اعلانات کر کے شہریوں کو گھروں میں رہنے کے تلقین کی جا رہی ہے۔ صورتحال کو سنبھالنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد، پولیس اور پاک فوج کی مشترکہ ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بارہ کہو کے علاقے کوٹ ہتھیال میں 6 افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس پر کوٹ ہتھیال کی دو مساجد کو سیل کر کے کوٹ ہتھیال کو قرنطینہ میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ بعدازاں بارہ کہو میں مزید 7 کیس سامنے آنے پر مکمل علاقہ سیل کر دیا گیا ہے۔
بارہ کہو کے داخلی و خارجی راستوں پر پاک فوج، پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں تعینات کر کے کسی بھی شہری کو اندر اور باہر آنے جانے سے روک دیا گیا ہے۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو راشن کی ترسیل یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دوکانداروں کے لئے انتظامیہ کی جانب سے جاری ایس او پیز کے تحت بارہ کہو کے اندر دوکانیں کھلی رہیں گی اور انتظامیہ کی نگرانی میں گاڑیوں میں راشن دوکانوں تک پہنچایا جائے گا جہاں سے شہری اپنے گھروں کے لئے راشن خرید سکیں گے۔