کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں کی پولیس سے جھڑپیں، قیدی وین کو آگ لگا دی

02:52 PM, 25 May, 2022

نیا دور
کراچی کے علاقے نمائش چورنگی میں تحریک انصاف کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ میں مظاہرین نے پولیس وین کو آگ لگا دی۔ پتھراؤ سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

تحریک انصاف کے درجنوں کارکنوں کو پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد مشتعل کارکنوں نے پہلے قیدی وین کے شیشے توڑے اور اس کے بعد اسے آگ لگا دی۔ پولیس اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کی تاہم مظاہرین کی تعداد مزید بڑھتی گئی۔

پولیس ذرائع کے مطابق شہر میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر  170 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں پی ٹی آئی کارکنان بھی شامل ہیں جب کہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کرلیے گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر گرفتاریاں ساؤتھ زون سے کی گئی ہیں۔

https://twitter.com/nayadaurpk_urdu/status/1529466472547885056?s=20&t=dxrfZzBGYqPcXcAKuil3dw

نمائش چورنگی پر پی ٹی آئی کارکنوں نے جمع ہونے کی کوشش کی تو پولیس نے ان کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج شروع کر دیا جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کے پتھراؤ سے 3 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق سڑک کو سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کیا گیا ہے، جبکہ پیپلز چورنگی سے گاڑیوں کو متبادل راستوں پر موڑا جارہا ہے۔

اس کے علاوہ کوریڈور تھری پر خداداد کالونی کٹ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے، کوریڈور تھری سے مزار قائد کی پارکنگ جانے والا کٹ بھی بند ہے۔
مزیدخبریں