آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے قرض کی قسط جاری کرنے سے انکار کر دیا

07:10 PM, 25 May, 2022

نیا دور
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کیلئے قرض کی قسط جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں نہیں بڑھائی جائیں گی، پاکستان کو یہ ریلیف فراہم نہیں کر سکتے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوئے جس میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور قائم مقام گورنر سٹیٹ بینک نے بھی شرکت کی۔

وزارت خزانہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات اگلے ہفتے کے شروع میں جاری رہیں گے، وزیرخزانہ کل دوحا سے پاکستان واپس پہنچ رہے ہیں۔

آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام پاکستانیوں کے فائدے کیلئے میکرو اکنامک استحکام یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستانی حکام کےساتھ انتہائی تعمیری مذاکرات ہوئے۔ تاہم پاکستان نے گذشتہ جائزے میں طے شدہ پالیسیوں سے انحراف کیا۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ پاکستان کو بجٹ میں قرض پروگرام کے مقاصد کے حصول  پر بھی زور دیا گیا ہے جبکہ مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

آئی ایم ایف نے کہا کہ پاکستان اگر قرض کا حصول چاہتا ہے تو اسے پیٹرول اور بجلی پر سبسڈیز ختم کرنا ہونگی۔ پاکستانی وفد وزیراعظم سے بات چیت کے  بعد آئی ایم ایف کو جواب دے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایف نے پاکستان کے تمام مطالبات سے اتفاق کر لیا تھا تاہم قسط کا اجرا اور پروگرام دورانیہ بڑھانا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے مشروط ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت بڑھائے بغیر قسط جاری نہیں ہوگی۔

 
مزیدخبریں