اس حوالے سے جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو )میں یادگارشہدا پر یوم تکریم پاکستان کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تقریب کمیں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یاد گار شہدا پر پھولوں رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔شہدا کے درجات کی بلندی اور ملکی ترقی و استحکام کیلئے دعا کرائی گئی۔ شہدائے پاکستان کو سلامی بھی پیش کی گئی۔
تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں۔سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب میں شرکت کی۔ کپتان قومی ٹیم بابراعظم، سربراہ انصار برنی ٹرسٹ انصار برنی، پی ٹی وی کی معروف اینکرعشرت فاطمہ اوردیگر شریک ہیں۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے دعا کی گئی۔
تقریب میں موجود شہدا کے اہلخانہ اور سکول کے بچوں نے یادگار شہدا پر پھول رکھے۔
ملک بھرمیں شہدا کے ایصال ثواب کےلئے مساجدمیں قرآن خوانی اور دعائیں کی جائیں گی۔ پاکستان ایئرفورس، نیول ہیڈکوارٹرز،فارمیشنز ہیڈکوارٹراور پولیس کیی یادگارشہدا پرتقریبات منعقد ہوں گی۔ملک بھرکے اسکولوں،کالجز میں بھی خصوصی تقریبات کاانتظام کیا گیا ہے۔
صوبائی دارالحکومتوں،آزاد کشمیراور گلگت بلتستان بھی یادگارشہداپربھی تقریبات کا انعقاد ہوگا۔ملک بھرمیں شہدا کی قبروں پرفاتحہ خوانی کی جائے گی۔عوام بھی بھرپورشرکت کریں گے۔
یوم تکریم شہدا کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہےکہ کسی کو بھی شہدا کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہدا ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ آج پوری قوم کے لیے ہر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔
یوم تکریم شہدائے پاکستان کے موقعہ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم اپنے ہیروز، غازیوں اور شہدا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کےلئے آج یوم تکریم شہدا پاکستان منا رہی ہے۔ 9 مئی نے پاکستان کے محافظوں ،معماروں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی ہے۔
جمعرات کو وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قوم اپنے ہیروز، غازیوں اور شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل اظہار یکجہتی کے لیے یوم تکریم شہدا پاکستان انتہائی عقیدت کے ساتھ منا رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ 9 مئی کے المناک واقعات کو محض ایک احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا جو پرتشدد ہو گئے۔ ان لوگوں کےارادے جنہوں نے ان واقعات کی منصوبہ بندی کی تھی وہ دراصل بہت ہی خطرناک تھے اور یہ شرمناک واقعات کی ایک واضح شکل تھی اور پوری قوم نے دیکھا کہ کس طرح بعض لوگوں کی اقتدار کی ہوس نے انہیں وہ کام کرنے پر مجبور کیا جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کو نشانہ بنانے ، ان کی بے حرمتی کر کے اور ریاست کی علامتوں پر حملہ آور ہو کر شرپسندوں نے پاکستان کے نظریے اور تشخص پر حملے کئے اور ملک کے دشمنوں کو جشن منانے کی وجوہات فراہم کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ 9 مئی کے المناک اور دل دہلا دینے والے واقعات باور کرا رہے ہیں کہ ہمیں ایسے تمام لوگوں کے لئے نشاندہی اور انہیں بے نقاب کرنا ہے جو پاکستان کی بنیادوں کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ 9 مئی کے واقعات نے پاکستان کے محافظوں اور معماروں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج ہم اپنے شہدا کی عزت و تکریم کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ پاکستان وجود عوام اور شہداکے درمیان روحانی رشتے سے جڑاہواہے۔ پاکستان کا قیام 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے اور اس کی عمارت شہداکے مقدس خون کی یقینی بنیادوں پر کھڑی ہے۔ ہم کبھی بھی ان کے احسان کابدلہ نہیں چکاسکیں گے۔
دوسری جانب صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آج کے دن عہد کریں ہم اپنے بہادر شہداء کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ہمیشہ ان کی عزت کریں گے۔ قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں سے اپنی لازوال محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔