وزیراعظم اگر نواز ، زرداری اور مولانا کو کال کریں تو جلسے موخر کر سکتے ہیں: مصطفٰی نواز کھوکھر

08:53 AM, 25 Nov, 2020

نیا دور
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کھوکھر کا کہنا ہے کہ حالیہ کرونا حالات کے باعث اگر وزیر اعظم اپوزیشن کی لیڈر شپ کو آن بورڈ لینے کے لیےنواز شریف ، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمن کو کال کریں تو جلسے موخر کر سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کرونا کی بڑھتی ہوئی صورتحال میں بھی جلسے جلوس کرنے پر بضد ہے جب کہ حکومت وبائی صورتحال میں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دے رہی۔

حکومتی ترجمانوں کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفیٰ کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کی لیڈر شپ کو کرونا معاملات پر آن بورڈ لیں اور نواز شریف اور آصف زرداری کو کال کریں تو اپوزیشن جلسے موخر کرنے کا سوچ سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت کو اتنی ہی فکر لاحق ہے تو وزیر اعظم کو چاہئیے کہ وہ مولانا اور پی ڈی ایم کی دیگر لیڈرشپ سے رابطہ کریں۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے ماضی میں ملک کی خاطر مثبت کردار ادا کیا ہے حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور مولانا خادم حسین رضوی کے دھرنے کے موقع پر اپوزیشن نے بہترین کردار ادا کیا تھا۔ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بھی اپوزیشن نے قومی ذمہ داری ادا کی تھی۔کیا اب ایک فون کال نہیں کر سکتے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کارکنان سے کہا ہے کہ وہ پی ڈی ایم کے 30 نومبر کو منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کو یقینی بنائیں۔
مزیدخبریں