نشتر اسپتال میں ایڈز منتقلی کا معاملہ؛ 'حقائق چھپانے کیلئے ڈاکٹرز نے جعلی رپورٹس بنوائیں'

پولیس تحقیقات کے مطابق ڈائیلیسز یونٹ میں 25 مریضوں میں ایڈز منتقلی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 11 اکتوبر کو پہلا کیس رپورٹ ہوا تو معاملے کو دبانے کے لیے ڈاکٹرز نے لیب سے جعلی رپورٹس بنوائیں، سینیئر ڈاکٹرز نے مجرمانہ غفلت کی اور ریکارڈ میں ردوبدل کیا۔

05:27 PM, 25 Nov, 2024

نیوز ڈیسک

نشتر اسپتال ملتان کے ڈائیلیسز یونٹ سے مریضوں میں ایڈز منتقلی کے معاملے پر پولیس نے ڈائیلیسز ریکارڈ میں ردوبدل اور بوگس رپورٹس کے شواہد ملنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس تحقیقات کے مطابق ڈائیلیسز یونٹ میں 25 مریضوں میں ایڈز منتقلی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ 11 اکتوبر کو پہلا کیس رپورٹ ہوا تو معاملے کو دبانے کے لیے ڈاکٹرز نے لیب سے جعلی رپورٹس بنوائیں، سینیئر ڈاکٹرز نے مجرمانہ غفلت کی اور ریکارڈ میں ردوبدل کیا۔ پولیس تحقیقات میں بتایا گیا ہے کہ جعلی رپورٹس کو ڈائیلیسز یونٹ کے ریکارڈ میں ظاہر کیا گیا۔

 پولیس رپورٹ آج سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کو دی جائے گی جبکہ اس معاملے میں ملوث ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کی سفارش ہیلتھ کیئر کمیشن کرے گا۔

واضح رہے کہ حال ہی میں نشتر اسپتال کے ڈائیلیسز یونٹ میں ایڈز کے مریض کا ڈائیلیسز کیا گیا تھا جس کے بعد اسی مشین پر دیگر مریضوں کا ڈائیلیسز کرنے سے وائرس ان میں بھی منتقل ہو گیا تھا۔

بعد ازاں نشتر اسپتال کے دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے غفلت برتنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر کاظم اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی سمیت 5 سینیئر ڈاکٹرز کو معطل کر دیا تھا۔

نشتر اسپتال کے دورے کے موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کو نیفرولوجی وارڈ سے ایڈز کی 25 مریضوں میں منتقلی کے معاملے پر مکمل بریفننگ دی گئی۔ مریم نواز نے غفلت برتنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر کاظم اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی سمیت 5 سینیئر ڈاکٹرز کو معطل کر دیا۔

مریم نواز کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر مہناز خاکوانی اور ایم ایس نشتر اسپتال ڈاکٹر کاظم خان کو معطل کیا گیا۔ معطل ہونے والوں میں ہیڈ آف نیفرولوجی وارڈ ڈاکٹر غلام، ڈاکٹر جہانگیر، ڈاکٹر پونم، سینیئر رجسٹرار ڈاکٹر عالمگیر اور ہیڈ نرس ناہید بھی شامل ہیں۔

 تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں تمام ڈاکٹرز کے لائسنس بھی منسوخ کردیے گئے۔

مزیدخبریں