معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ ساہیوال کے حوالے سے خصوصی عدالت کے فیصلے پر پنجاب حکومت کو اپیل دائر کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس کیس کی پیروی میں استغاثہ کی کمزوری اور خامیوں کی تحقیقات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بچوں کے سامنے ان کے والدین پر گولیاں برسانے کی ویڈیو پوری قوم نے دیکھی، حکومت معصوم بچوں کو انصاف دینے کیلئے پرعزم ہے، اگر ان کا خاندان مدعی نہیں بنتا تو ریاست اس مقدمے کی مدعیت کرے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال کیس میں انصاف نہیں ہوا اور جلیل کی باتوں سے لگ رہا ہے اس نے پیسے لے کر یا دباؤ میں صلح کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انصاف اور عدل چاہتے ہیں، اس میں سب چیزیں آجاتی ہیں، اس ملک میں ایک مائنڈ سیٹ ہے اسی مائنڈ سیٹ کی وجہ سے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سانحہ ساہیوال ہوا، ن لیگ تاریخ سے معافی مانگے۔