'میں محمد شامی کیساتھ ہوں'، بھگوان بھی بول پڑے

02:22 PM, 25 Oct, 2021

نیا دور
بھارت میں ''بھگوان'' کا درجہ پانے والے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے پاکستان سے شکست کے بعد محمد شامی کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں ٹیم انڈیا اور محمد شامی کیساتھ کھڑا ہوں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں سچن ٹنڈولکر نے لکھا کہ جب ہم ٹیم انڈیا کی سپورٹ کرتے ہیں تو اس کی نمائندگی کرنے والا ہر کھلاڑی بھی اسی بات کا متضاضی ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے لکھا کہ محمد شامی بہت باصلاحیت اور ورلڈ کلاس بائولر ہیں۔ ان کیساتھ گزشتہ روز ہوا وہ کسی بھی سپورٹس مین کیساتھ ہو سکتا ہے۔ میں انڈین ٹیم اور محمد شامی کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔

https://twitter.com/sachin_rt/status/1452629321512886277?s=20

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر انڈین عوام بپھری ہوئی ہے۔ بعض عناصر اپنی جہالت میں اس قدر آگے بڑھ چکے ہیں کہ وہ محمد شامی کو 'غدار' جیسے القابات سے نواز رہے ہیں۔

محمد شامی کو غدار قرا ردینے کیلئے سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم چلائی گئی۔ ٹویٹر اور انسٹاگرام جیسے پلیٹ فارمز پر جیاں محمد شامی پر شدید تنقید کی گئی وہیں بہت سے صارفین ان کی حمایت میں سامنے بھی آئے۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ یورو 2020ء کے بعد جب انگلینڈ کے سیاہ فام کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا تو آج محمد شامی کو پاکستان سے ہارنے پر گالی دی جا رہی ہے۔ یہ بھارت کے ہندو کھلاڑیوں کے اپنے مسلمان ساتھی کے لیے کھڑے ہونے کا وقت ہے۔‘

صحافی رعنا ایوب نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ محمد شامی کیخلاف اسلام سے منافرت کی بنیاد پر نفرت اور اس کی حب الوطنی اور ملک سے اس کی وابستگی پر شکوک وشبہات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ اگر یہ اور انڈین اقلیتوں کے خلاف ریاست کی وجہ سے نفرت کو فروغ دینا نہیں ہے تو پھر مجھے نہیں معلوم کہ یہ کیا ہے؟

https://twitter.com/RahulGandhi/status/1452634127237271555?s=20

دوسری جانب کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بھی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد شامی ہم سب آپ کیساتھ ہیں۔ یہ لوگ نفرت سے بھرے ہوئے ہیں کیونکہ انھیں کبھی پیار نہیں ملا، انھیں معاف کر دیں۔

یہ بات ذہن میں رہے کہ بھارتی عوام نے ماسٹر بلاسٹر سچن ٹنڈولکر کو بھگوان کا درجہ دے رکھا ہے۔ ان کے قدم کو چھونا شائقین اپنے لیے خوش نصیبی سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کرکٹ اگر دھرم ہے تو سچن ہمارا بھگوان ہے‘ ۔

 
مزیدخبریں