یوٹیوب نے مصنوعی ذہانت ( اے آئی) پر مشتمل یوٹیوب کری ایٹ ( Youtube Create) کے نام سے ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاک سے مقابلہ کرنے کے لیے یوٹیوب نے اپنی پہلی ویڈیو ایڈیٹنگ ایپ youtube create کو متعارف کرایا ہے جو یوٹیوب شارٹس اور عام ویڈیوز کی ایڈیٹنگ کو سپورٹ کرتا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین ویڈیوز میں آٹو کیپشن، بیک گراؤند میوزک، فلٹر، ایفیکٹس، ٹرانزیشن، اور وائس اوور وغیرہ ایک اشارے پر شامل کر سکیں گے۔
ایپ میں متعدد خصوصیات ہیں جن میں ایڈیٹنگ، آٹو کیپشننگ، وائس اوور کی صلاحیتیں اور بیٹ میچنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ فلٹرز، افیکٹس، ٹرانزیشن اور رائلٹی فری میوزک کی لائبریری تک رسائی شامل ہے۔ ایپ کا مقصد ہے کہ صارفین کو اپنی یوٹیوب ویڈیوز کے لیے پیچیدہ ایڈیٹنگ سافٹ ویئرز یا ٹولز پر انحصار نہ کرنا پڑے۔
یوٹیوب کے نائب صدر ٹونی ریڈ نے ایک بیان میں کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ویڈیوز کی تیاری کا عمل مشکل ہوتا ہے اور اکثر تخلیق کار اسی وجہ سے یوٹیوب ویڈیوز بنانے سے گریز کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یوٹیوب اس عمل کو آسان بنانے کے لیے ایک نئی اور مفت ایپ متعارف کرا رہا ہے جسے یوٹیوب کریٹ کہا جائے گا۔
ان کے مطابق یہ ایپ صارفین کو ان چیزوں پر زیادہ توانائی خرچ کرنے کی اجازت دے گی جو انہیں تخلیقی طور پر فائدہ مند معلوم ہوتی ہیں۔ لہذا تخلیق کاروں کو اب پیچیدہ ایڈیٹنگ سافٹ ویئر پر انحصار کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
مذکورہ بالا ایپ جلد ہی محدود مارکیٹوں میں دستیاب ہوگی جس میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی، فرانس، انڈونیشیا، بھارت، جنوبی کوریا اور سنگاپور شامل ہیں۔ ایپ بیٹا ورژن میں ہوگی جس کا مقصد ایپ کو بہتر بنانے کے لیے کمنٹس اور صارفین کے تاثرات کا جائزہ لینا ہے۔ ایپ تمام صارفین کے لیے مفت ہے۔