سپریم کورٹ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان کا بینچ چیف جسٹس کے عدم دستیابی کے باعث ملتوی کیا گیا، چیف جسٹس خرابی صحت کے باعث آج سپر یم کورٹ نہیں آئے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ کی جانب سے بھی جاری کر دہ نوٹیفکیشن کے مطابق ’مطلع کیا جاتا ہے کہ 26 اپریل 2023 بروز بدھ کے لیے بینچ نمبر ایک کے حوالے سے عدالتی روسٹر پر نظر ثانی کی گئی ہے جس کی وجہ سے چیف جسٹس آف پاکستان کی ناسازی طبیعت ہے‘۔
نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ’تمام متعلقہ لا افسران/ ایڈووکیٹس جنرل /پراسیکیوٹرز جنرل/ایڈووکیٹس آن ریکارڈ اور عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ فائنل کاز لسٹ نمبر 17/2023 میں بینچ نمبر ایک کے سامنے 26 اپریل 2023 کو مقررہ کردہ تمام مقدمات ڈی لسٹ کیے جاتے ہیں‘۔
ذرائع کا بتانا ہےکہ چیف جسٹس کا بینچ خرابی صحت کے باعث ڈی لسٹ ہوا، چیف جسٹس بخار، جسم درد اور فلو کا شکار ہیں۔ چیف جسٹس گزشتہ روز اپنے گاؤں میں تھے اور صحت یاب ہونے پردوبارہ مقدمات کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس پاکستان کے بینچ میں جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس اطہر من اللّٰہ بھی شامل تھے۔ بینچ کے سامنے آج 12 مقدمات سماعت کے لیے مقرر کیے گئے تھے۔
سپریم کورٹ کے بینچ نمبر دو کے مقدمات کی فہرست بھی منسوخ کر دی گئی جبکہ جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل بینچ کی کاز لسٹ بھی منسوخ کر دی گئی۔
بینچ نمبر دو کے تمام مقدمات کی سماعت کے لیے جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل نیا بینچ تشکیل دے دیا گیا۔ سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے نئے بینچ نمبر دو کے مقدمات کی فہرست جاری کر دی۔