پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) ہیڈ کوارٹرز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جنرل عاصم منیر نے چاق و چوبند دستے کا معائنہ کیا جس کے بعد پی ایل اے کے کمانڈر کے ساتھ تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی سلامتی کے امور اور فوجی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں فوجی کمانڈروں نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے اور فوجی تعاون بڑھانے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے پی ایل اے کے دستوں کی آپریشنل صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی دیکھا۔
آرمی چیف نے تربیت کے اعلیٰ معیار اور فوجیوں کی طرف سے دکھائے گئے پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔ آرمی چیف دونوں افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات کو بڑھانے کے لیے چین میں فوجی رہنماؤں سے مزید ملاقاتیں کریں گے۔
یہ ملاقاتیں آرمی چیف کے چین کے چار روزہ دورے کا حصہ ہیں۔
گزشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر چار روزہ سرکاری دورے پر چین میں ہیں. آرمی چیف کے دورہ چین میں باہمی فوجی تعاون کےفروغ بات چیت ہوگی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا چین کے دورے کا مقصد دوطرفہ عسکری تعلقات کو بڑھانا ہے۔دورے کے دوران آرمی چیف چین کے اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
جنرل عاصم منیر کا دورہ حالیہ ہفتوں میں چین کا دورہ کرنے والا دوسرا اعلیٰ سطحی فوجی وفد ہے۔ رواں ماہ کے اوائل میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی جنرل ندیم انجم نے 11-12 اپریل کو چین کا دورہ کیا تھا۔
پاک فوج کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد سے یہ جنرل عاصم منیر کا چوتھا بیرون ملک کا دورہ ہے۔ آرمی چیف کی حیثیت سے اپنے پہلے غیر ملکی دورے میں جنرل عاصم منیر نے جنوری میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کا دورہ کیا۔
دورہ سعودی عرب کےدوران آرمی چیف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی اور "دوطرفہ تعلقات اور ان کو بڑھانے کے طریقوں کا جائزہ لیا”۔
اس کے بعد جنرل عاصم منیر متحدہ عرب امارات گئے جہاں انہوں نے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ملاقات کی اور دفاعی اور فوجی تعاون پر بات کی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے دوست ممالک کے مشترکہ مفادات کو پورا کرنے کے لیے فوجی امور کو فروغ دینے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایک ماہ بعد آرمی چیف نے برطانوی وزارت دفاع کی دعوت پر سیکیورٹی سے متعلق اسٹریٹجک امور پر بات کرنے کے لیے برطانیہ کا انتہائی اہم دورہ کیا۔
جنرل عاصم منیر برطانیہ کے دورے کے بعد واپس متحدہ عرب امارات پہنچے اور وہاں صدر سے ملاقات کی۔
12 فروری 2023 کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ابوظہبی کے قصر الشاطی محل میں ملاقات کی۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور مشترکہ کام سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
سفارت خانے نے بیان میں کہا گیا، "متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے قصر الشاطی محل ابوظہبی میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا استقبال کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون اور مشترکہ کام کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا "۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کی تصویر بھی جاری کی تھی۔