شدید بارشوں کی پیشگوئی، شیری رحمان کی متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

01:00 PM, 26 Apr, 2023

حسن نقوی
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان  نے 28 اپریل سے 7 مئی کے دوران میں ملک کے بیشتر حصوں میں آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کے حوالے سے الرٹ رہنے کی اپیل کر دی۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات نے 28 اپریل سے 7 مئی کے دوران میں ملک کے بیشتر حصوں میں آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو اس دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ان تدابیر میں نالوں کی صفائی، بجلی کے کھمبوں کی مضبوطی اور مقامی سیلاب کی صورت میں سڑکوں تک رسائی شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر جہاں 2022 کے سیلاب کے بعد مرمت کا کام ابھی بھی جاری ہے۔ بارشوں کے دوران خیبر پختونخوا ، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔موسلا دھار بارشوں سے مانسہرہ، ایبٹ آباد، چترال، دیر، سوات، کوہستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں یکم سے 04 مئی اور بلوچستان کے کچھ حصوں اور ڈی جی خان کے پہاڑی علاقوں میں 28 اپریل سے 02 مئی تک سیلاب آسکتا ہے۔

شیری رحمان نے اس عرصے کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیر ماحولیاتی تبدیلی نے کہا کہ کشمیر سے کراچی تک غیر مستحکم موسمی نظام اور شہری سیلاب کا بھی خدشہ ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے ساحلی علاقوں کے لیے خصوصی ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہے۔ ماہی گیروں کو سمندروں میں چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔کسان حضرات بارشوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی معاملات ترتیب دیں۔
مزیدخبریں