جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں فل کورٹ بنانے کے لیے درخواست دائر کر دی

10:35 AM, 26 Aug, 2019

نیا دور
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے پیر کے روز سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں تمام زیر التوا درخواستیں سننے کی استدعا کی گئی ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست میں مؤقف اپنایا ہےکہ چیئرمین سپریم جوڈیشل کونسل اور ممبران صدر کا دائر ریفرنس سننے کے مجاز نہیں ہیں۔

 جسٹس فائز عیسیٰ نے پٹیشن میں لکھا ہے کہ ان کو اور ان کی اہلیہ اور بچوں کو تکلیف پہنچائی جا رہی ہے، اور ایسا اعلی حکومتی عہدیداروں کی ہدایت پر ہو رہا ہے اور وزیرِ اعظم نے ان کی 36 سال سے واحد اہلیہ اور دو بالغ بچوں کواس معاملے میں گھسیٹا ہے۔


انہوں نے حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ایگزیکٹو کا منصوبہ عدلیہ کی آزادی کو تباہ کرنے کا ہے اور حکومت کا پیمرا پر بالواسطہ اور بلاواسطہ کنٹرول ہے۔؎


جسٹس قاضی فائز نے اپنی پٹیشن میں کہا ہے کہ ریفرنسز کے سلسلے مں ان کی چیف جسٹس، جو کہ سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین بھی ہیں، سے دو ملاقاتیں ہوئیں اور ان ملاقاتوں سے قبل دونوں نے سپریم کورٹ کی عمارت کے عقب میں واقع واکنگ ٹریک پر بھی ملاقات کی جس کی دعوت چیف جسٹس نے انھیں دی تھی۔


جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ یہ ملاقات چونکہ آف دی ریکارڈ تھی اس لیے وہ اس کی تفصیلات کونسل کے ان کیمرہ اجلاس میں دیں گے تاکہ چیف جسٹس اس پر اپنا موقف بھی دے سکیں۔







جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے درخواست میں کہا ہے کہ ان کے ضمنی جوابات کو سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کیا جائے۔








https://twitter.com/AsadAToor/status/1165948041343492096?s=20

 

یہ بھی پڑھیں: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف تعصب کا الزام، اور ماضی میں ان کے دیے گئے دبنگ فیصلے

واضح رہےکہ گزشتہ ہفتے سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف دائر ضمنی صدارتی ریفرنس کو نمٹایا جس میں کہا گیا تھاکہ ریفرنس میں دائر الزامات جج کو ہٹانے کے لیے کافی نہیں۔
مزیدخبریں