رانا ثنا اللہ کا فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میری ہائیکورٹ کے حکم پر رہائی ہوئی، میں اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جبکہ میں مشکل وقت میں ساتھ دینے پر پارٹی لیڈرشپ اور ساتھیوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنے گوادم سے نکال کر ہیروئن مجھ پر ڈال دی گئی، اگر کوئی ویڈیو ہے تو پیش کریں۔ میری ساکھ کو خراب کرنے کے لیے ڈرامہ رچایا گیا۔ انہوں نے قران ہاتھ میں اٹھا کر کہا کہ جن لوگوں نے میرے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا اور جنہوں نے مقدمہ بنانے کا حکم دیا، ان پر بھی اللہ تعالیٰ کا عذاب نازل ہوگا۔
ن لیگی رہنما نے دعویٰ کیا کہ میں نے کبھی منشیات فروش کی اور نہ ہی کبھی پوری زندگی ہیروئن کا نشہ کیا لیکن کچھ لوگ جھوٹ کو سچ ثابت کرنا چاہتے تھے۔ اتنا بڑا نیٹ ورک تھا تو 6 ماہ میں کیوں نہیں پکڑا گیا؟ جھوٹ بول کر کہتے ہیں کہ اللہ کو جان دینی ہے۔ ان کو پتا ہے کہ جھوٹا مقدمہ بنایا، پھر بھی عوام کو بیوقوف بناتے ہیں۔
https://www.youtube.com/watch?v=kH51sMnq88o
ان کا کہنا تھا کہ پرامن جدوجہد کا سفر جاری رکھیں گے۔ سلیکٹڈ اور کٹھ پتلیاں ملک کو آگے نہیں لے جا سکتیں۔ عوام کے ووٹ کو عزت دینا ہوگی۔ یہی عمل قومی اسمبلی کے فلور پر بھی دہراؤں گا۔ اپنی سیاست اور لیڈرشپ کا ہمیشہ ساتھ دوں گا اور اپنی جدوجہد جاری رکھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں میڈیا اینکرز کو سلام پیش کرتا ہوں۔ میڈیا نے حق کی آواز کو بلند کیا اور بے بنیاد، جھوٹے، سیاسی انتقام پر مبنی اقدام کو ایکسپوز کیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میں اپنی جماعت اور اپنے لیڈر میاں نواز شریف کے ساتھ کھڑا ہوں، اس قسم کے حربے اور سیاسی انتقام کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہیں کہتے ہمیں ووٹ دو، عوام کے فیصلے کو تسلیم کرو، ہم کہتے ہیں عوام کو عزت دو اور عوام کے فیصلے کو عزت دو۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ان کو معلوم ہے کہ انہوں نے یہ جھوٹا کیس کیا،اللہ تعالیٰ نے ہمیں آج بھی سرخرو کیا ہے، آگے بھی کرے گا اب ہم ان ہتھکنڈوں سے رکیں گے نہیں، ہم اپنا سفر جاری رکھیں گے