پچھلے سال ایک نیا گروپ پائنیئر (Pioneer) کے نام سے لاہور پریس کلب کی سیاست کے منظر عام پر آیا جس کو رانا عظیم اور اعظم چودھری لیڈ کرتے ہیں۔ پچھلے سال اعظم چودھری نے صدر منتخب ہونے کے بعد دونوں پرانے گروہوں کی اجارہ داری ختم کر دی مگر باڈی میں تینوں گروپوں کی نمائندگی موجود رہی۔ تاہم اس مرتبہ سوائے جنرل سیکرٹری کے سب سیٹیں پائنیئر گروپ نے جیت لی ہیں۔
اعظم چودھری صدد بنے ہیں جو تیسری بار الیکشن جیتنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے ریکارڈ 1167 ووٹ حاصل کیے جبکہ مدمقابل صدارتی امیدوار ناصرہ عتیق صرف 571 ووٹ حاصل کر سکیں۔ سینیئر نائب صدر شاداب ریاض، نائب صدر ظہیر بابر، جوائنٹ سیکرٹری حسن تیمور جکھڑ اور خزانچی حافظ فیض بنے ہیں جبکہ گورننگ باڈی میں نواز سنگرا، عالیہ خان، عدنان لودھی، احمر کھوکھر، محسن بلال، اسد جعفری، رضا محمد، محمد کلیم اور نفیس قادری شامل ہیں۔
جنرل سیکرٹری کے لیے ایک علم دوست اور ادب پرور صحافی عبدالمجید ساجد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے 1082 اور ان کے مدمقابل ذوالفقار علی مہتو نے 652 ووٹ حاصل کیے۔ عبدالمجید ساجد چوتھی بار لاہور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے ہیں۔ جنرل سیکرٹری عبدالمجید ساجد نے کلب کے اراکین کی عزت نفس کو بحال کیا۔ کلب کو سب کا گھر بنایا۔ پھر صاحب کتاب صحافیوں کو تعریفی اسناد جاری کیں۔ ان کی خدمات کو سراہا گیا۔
لاہور کے صحافیوں کے دیرینہ مسائل جیسے پریس کلب ہاؤسنگ سوسائٹی میں بلاک F کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ اور بلاک B کے پلاٹوں پر قبضے کو صدر اعظم چودھری نے حل کرایا ہے۔ امید ہے صدر اعظم چودھری اور سیکرٹری جنرل عبدالمجید ساجد اس مرتبہ پریس کلب ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز ٹو کی زمین بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔