شاہ محمود قریشی 15 روز کیلئے نظر بند 

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں۔ شاہ محمود کی رہائی سے امن وامان کی صورتحال بگڑنے کا خدشہ ہے۔شاہ محمود کو اپیل کا حق دیتے ہوئے 15روز کے لئے نظر بند کیا جاتا ہے۔

05:30 PM, 26 Dec, 2023

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو 15 روز کیلئے نظر بند کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پنڈی پولیس چیف ( سی پی او) کی سفارش پر پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کو جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں ملوث ہیں۔ شاہ محمود کی رہائی سے امن وامان کی صورتحال بگڑنے کا خدشہ ہے۔

حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او کی رپورٹ پر سی پی او نے 45 روزہ نظر بندی کی تجویز دی۔ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی نے بھی پولیس اور اداروں کی رپورٹ سے اتفاق کیا۔ شاہ محمود کو اپیل کا حق دیتے ہوئے 15روز کے لئے نظر بند کیا جاتا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سی پی او راولپنڈی کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کے تھری ایم پی او کے آرڈر جاری کیے۔

حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں۔ 9مئی کے مقدمات میں سابق وزیر خارجہ سے تفتیش درکار ہے۔

واضح رہےکہ سائفر کیس میں عمران خان کے شریک ملزم شاہ محمود قریشی کی ضمانت سپریم کورٹ نے منظور کی تھی۔ شاہ محمود قریشی اور عمران خان کی ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری ہونے کے بعد امکان تھا کہ شاہ محمود قریشی کو رہائی مل جائے گی۔  ان کے وکلا نے آج ضمانتی مچلکے جمع کرائے گئے تاہم رہائی نہ ہو سکی۔

مزیدخبریں