پاکستان تحریک انصاف نے جے یو آئی (ف) کیخلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کردیا

11:34 AM, 26 Jan, 2021

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں جمیعت علماء اسلام کے خلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے جے یو آئی کےخلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکی ہے جس میں جے یو آئی کے سابق رہنما حافظ حسین احمد کے ٹی وی انٹرویو کا ٹرانسکرپٹ شامل ہے۔ فرخ حبیب کی جانب سے کہا گیا کہ انٹرویو میں حافظ حسین احمد نے جمیعت علمائے اسلام کی بیرونی فنڈنگ کو تسلیم کیا ہے۔


فرخ حبیب کا مزید کہنا ہے کہ حافظ حسین احمد نے فضل الرحمان کے لیبیا اور عراق سے فنڈنگ لینے کا اعتراف کیا، مولانا خان محمد شیرانی کو بلا لیا جائے، مولانا فضل الرحمان کے اپنے لوگوں نے بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو بتانا ہو گا اُن کو فنڈنگ کہاں سے ہوئی ہے، مولانا رسیدیں الیکشن کمیشن جمع کرائیں ہم نے تمام ثبوت جمع کردیے ہیں۔


یاد رہے کہ حکمران جماعت تحریک انصاف کے خلاف بھی الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کیس زیر سماعت ہے جو تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر کی جانب سے دائر کیا گیا ہے۔
مزیدخبریں