’تو جھوم’ کی دھن چوری کرنے کا الزام، نرملا مگھانی نے زلفی کو نوٹس بھجوا دیا

04:50 AM, 26 Jan, 2022

نیا دور
سندھ کے ضلع عمر کوٹ سے تعلق رکھنے والی نوجوان گلوکارہ نرملا مگھانی نے ’ تو جھوم’ کی دھن چوری کرنے کے الزام میں معروف موسیقار اور کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے پروڈیوسر ذوالفقار علی خان المعروف زلفی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

تفصیلات کے مطابق نرملا مگھانی نے زلفی کی میوزک پروڈکشن کمپنی ’گریف پاکستان‘ (Giraffe Pakistan) کو نوٹس بھجوایا جو کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کی شریک پروڈکشن کمپنی بھی ہے۔

نرملا مگھانی کی جانب سے وکیل فراز فہیم صدیقی نے زلفی کو نوٹس بھجواتے ہوئے انہیں محدود مدت کے اندر جواب فراہم کرنے کا کہا ہے۔



سندھ کی گلوکارہ کی جانب سے بھجوائے گئے نوٹس میں موسیقار کو کہا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ مدت میں جواب فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے تو ان کے خلاف نرملا مگھانی ایک ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کریں گی۔

گلوکارہ کی جانب سے 24 جنوری کو بھجوائے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ نرملا مگھانی نے کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں کام کرنے کے لیے موسیقار ذوالفی کے ساتھ رابطہ کیا اور انہیں اپنے گانے کی دھن واٹس ایپ پر بھیجی۔

نوٹس میں بتایا گیا کہ ہے کہ نرملا مگھانی نے زلفی کو 14 جون 2021 کو ’تو میرا رانجھا’ گانے کی دھن بھیجی، جس کے بعد موسیقار اور گلوکارہ کے درمیان کچھ بات چیت بھی ہوئی مگر پھر کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں ’ تو جھوم’ گانا جاری کیا گیا جو کہ سندھ کی گلوکارہ کی دھن کی کاپی ہے۔

نوٹس میں زلفی کو کہا گیا ہے کہ وہ ’ تو جھوم‘ کی موسیقی کو استعمال کرنا بند کریں، کیوں کہ انہوں نے پاکستانی کاپی رائٹس قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوسروں کی دھن چوری کی۔

https://twitter.com/NirmalaMaghani/status/1484015624963731460

نوٹس کے ذریعے زلفی کو جہاں موسیقی کو استعمال نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، وہیں ان سے جواب بھی مانگا گیا ہے، دوسری صورت میں ان کے خلاف ایک ارب روپے کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔

دوسری جانب زلفی کی میوزک پروڈکشن کمپنی ’گریف پاکستان‘ نے نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کرتےہوئے کہا ہے کہ نرملا مگھانی کے نوٹس کا قانونی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

کمپنی نے مختصر بیان میں کہا کہ زلفی کے وکلا نرملا مگھانی کے نوٹس کا جائزہ لے کر قانونی حوالے سے اس کا جواب دیں گے۔

خیال رہے کہ ’ تو جھوم’ کو کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کے تحت 14 جنوری کو ریلیز کیا گیا تھا، جسے عابدہ پروین اور نصیبو لال نے گایا ہے اور اس کی موسیقی زلفی نے ترتیب دی تھی۔

گانا ریلیز ہونے کے بعد نرملا مگھانی نے دعویٰ کیا تھا کہ ’ تو جھوم’ کی دھن ان کی ’دھن‘ سے چوری کی گئی ہے، جو کہ انہوں نے ذولفی کو نمونے کے طور پر بھیجی تھی۔

نرملا مگھانی کے دعوے کے بعد زلفی نے دھن چوری کرنے کے دعووں کو مسترد کیا تھا۔

تاہم اب نرملا مگھانی نے انہیں دھن چوری کرنے کے الزام میں قانونی نوٹس بھجوا دیا جو کہ زلفی نے موصول بھی کرلیا۔

https://twitter.com/NirmalaMaghani/status/1483815471577280513
مزیدخبریں