پنجاب کی نگران حکومت کا بڑے پیمانے پر تبادلے اورتقرریوں کا فیصلہ

10:10 AM, 26 Jan, 2023

نیا دور
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا فیصلہ، صوبائی انتظامی محکموں میں ردوبدل کرتے ہوئے گجرات ڈویژن میں بنائے گئے تین نئے اضلاع کے 15 سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کے تقرریاں اور تبادلے کر دیئے  جن میں سابق وزیراعلٰی چوہدری پرویز الٰہی کے خاندانی حلقوں سمیت سیاسی اثر و رسوخ کا ایک حلقہ بھی شامل ہے۔

سیکرٹری کمیونیکیشن اینڈ ورکس (سی اینڈ ڈبلیو) پنجاب آصف بلال لودھی کا تبادلہ کر دیا گیا اور انہیں مزید احکامات کے لیے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (ایس اینڈ جی اے ڈی) کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ سی اینڈ ڈبلیو کی سپیشل سیکرٹری حمیرا اکرام کو اگلے احکامات تک ان کی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا۔

پنجاب اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE) کے ڈائریکٹر جنرل ندیم سرور کو تبدیل کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

پنجاب پبلک پراسیکیوشن ڈپارٹمنٹ کے سیکرٹری زمان وٹو کو اگلے احکامات تک اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ڈی جی اے سی ای کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔

محکمہ سماجی بہبود و بیت المال پنجاب کے سیکرٹری مہر محمد حیات لک کو تبدیل کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ جبکہ پنجاب کے محکمہ خواندگی اور نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے سیکرٹری وجیہہ اللہ کنڈی کو اگلے احکامات تک اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور بیت المال کے عہدے کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا۔

پنجاب ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کے سپیشل سیکرٹری ناصر محمود بشیر کو آئندہ احکامات تک ان کی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ایچ یو ڈی اینڈ پی ایچ ای ڈی کے عہدے کا اضافی چارج دے دیا گیا۔

پنجاب کوآپریٹو سوسائٹیز کے رجسٹرار اسد نعیم کا تبادلہ کر دیا گیا ہے اور انہیں مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈائریکٹوریٹ آف سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈپارٹمنٹ پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل محمد احمد کو اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ اگلے احکامات تک کوآپریٹو سوسائٹیز رجسٹرار کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا۔

پنجاب کے مائنز اینڈ منرلز ڈپارٹمنٹ کے سیکرٹری سید نجف اقبال کو تبدیل کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پنجاب سیکرٹری زکوٰۃ و عشر بابر امان بابر کو آئندہ احکامات تک سیکرٹری مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے عہدے کا اضافی چارج سونپ دیا گیا۔

پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ راؤ پرویز اختر کو تبدیل کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہیں ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (ڈی جی پی آر) اور ایم ڈی پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کے اضافی چارجز سے بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کی سیکرٹری سلوت سعید کو اگلے احکامات تک ان کی اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ڈی جی پی آر کے عہدے کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا۔

ڈائریکٹر (ایڈمن اینڈ فنانس) گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کنول بتول کو تبدیل کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ان کو  ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے، گوجرانوالہ کے عہدوں کے اضافی چارجز سے بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنرز:

ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین تسنیم علی کو تبدیل کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایڈیشنل ڈی سی عباس ذوالقرنین کو آئندہ احکامات تک اپنی ذمہ داریوں کے علاوہ ڈی سی منڈی بہاؤالدین کا اضافی چارج بھی سونپ دیا گیا۔

ڈی سی گجرات عمار شہزاد کو تبدیل کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایڈیشنل ڈی سی (ریونیو)گجرات، محمد اورنگزیب کو ڈی سی گجرات کے عہدے کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔

ڈی سی وزیرآباد نوید الاسلام ورک کا تبادلہ کر کے مزید احکامات کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایڈیشنل ڈی سی (ریونیو) وزیرآباد ، اشفاق احمد خان کو ڈی سی وزیرآباد کے عہدے کا اضافی چارج سونپا گیا ہے۔
مزیدخبریں