وزیراعظم سے امریکی سفیر کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

01:44 PM, 26 Jan, 2023

نیا دور
وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اورامریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے سمیت مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے پرعزم پاکستان کانفرنس پر امریکی حمایت اورسیلاب کے بعد تعمیرنو اوربحالی کی کوششوں پر امریکی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، امریکا کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اورامریکا کے درمیان منظم اور وسیع بنیادوں پررابطے اہم ہیں۔

خیال رہے کہ ڈان اخبار کی خبر کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بدھ کو امریکہ سے دورے پر آئے ہوئے وزارت خزانہ کے وفد سے ملاقات کی۔ ڈان نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسحاق ڈار نے امریکی وفد سے کہا کہ پاکستان اپنے بین الاقوامی وعدوں کا احترام کرے گا اور قدرتی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جیسے انتہائی سخت فیصلے لینے کے عمل میں ہے۔

وزیرخزانہ نے امریکی وفد سے مزید کہا کہ پاکستان کو فوری ریلیف کی ضرورت ہے کیونکہ تباہ کن سیلاب کے بعد صنعت اور زراعت سب سے مشکل وقت سے گزری ہے۔
مزیدخبریں