آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ ٹیسٹ اور پیٹ کمنز سال 2023 کے بہترین کرکٹر قرار

پیٹ کمنز کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں آسٹریلیا کو عالمی چیمپیئن بنوانے کے علاوہ سال 2023 کی دیگر سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

11:03 AM, 26 Jan, 2024

نیا دور

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے 2023 کے مینز کرکٹر آف دی ایئر، ون ڈے، ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر سمیت کئی سالانہ ایوارڈز کا اعلان کردیا۔
آسٹریلیا کو عالمی چیمپیئن بنوانے والے کپتان پیٹ کمنز کو مینز کرکٹر آف دی ایئر قرار دیتے ہوئے سر گارفیلڈ سوبرز ٹرافی کا حقدار قرار دیا گیا جبکہ ان کے ساتھی آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ لے اڑے۔
پیٹ کمنز کو آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 2023 میں آسٹریلیا کو عالمی چیمپیئن بنوانے کے علاوہ سال 2023 کی دیگر سیریز میں بہترین کارکردگی دکھانے پر اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ پیٹ کمنز نے کپتانی کے ساتھ ساتھ باؤلنگ اور بیٹنگ میں بھی کئی ریکارڈ اپنے نام کیے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو اس ایوارڈ کے لیے اپنی ہی ٹیم کے ساتھی ٹریوس ہیڈ، بھارتی سپنر روی چندرن اشون اور انگلینڈ کے جو روٹ سے سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ واحد بلے باز ہیں جنہوں نے سال 2023 کے دوران 13 ٹیسٹ میچز میں 1210 رنز کے ساتھ چار ہندسوں کا سنگ میل عبور کیا۔
انہوں نے جنوبی افریقا کے خلاف ناقابل شکست 195 اور بھارت کے خلاف 180 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
گزشتہ سال ورلڈکپ میں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پانے والے بھارتی بلے باز ویرات کوہلی آئی سی سی مینز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئرکا ایوارڈ لے اڑے۔ کوہلی نے یہ ایوارڈ ریکارڈ چوتھی بار جیتا ہے۔
اس سے قبل جنوبی افریقا کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے 3 بار ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
ویرات کوہلی نے 2012، 2017 اور 2018 میں بھی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا تھا۔

مزیدخبریں