مقامی مشروب ساز کمپنی کے مالک ذوالفقار احمد کراچی سے اغوا

کولا نیکسٹ کے مالک کے اغوا کی درخواست کلری پولیس سٹیشن میں جمع کروائی گئی تاہم پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ ہم نے فوری طور پر درخواست وصول کر لی تھی تاہم ہمارے پاس مقدمہ درج کروانے کوئی نہیں آیا۔

02:56 PM, 26 Jul, 2024

نیوز ڈیسک

معروف کاروباری شخصیت اور پاکستانی مشروب ساز کمپنی کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد کو کراچی سے اغوا کر لیا گیا۔ مغوی کے اہلخانہ نے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی شام ماڑی پور روڈ کراچی سے نقاب پوش مسلح افراد ڈبل کیبن گاڑی میں انہیں اغوا کر کے لے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق ذوالفقار احمد کی گاڑی کو کالے رنگ کے ویگو ڈالے نے ماڑی پور پر موجود پولیس ٹریننگ سینٹر کے سامنے روکا۔ نقاب پوش افراد نے اسلحے کے زور پر کولا نیکسٹ کے مالک اور ان کے ساتھ موجود ان کے دوست قیصر کو گاڑی سے اتار کر ویگو میں بٹھا دیا۔ اغوا کاروں نے کچھ فاصلہ طے کرنے کے بعد ذوالفقار احمد کے دوست قیصر کو گاڑی سے اتار دیا اور ذوالفقار احمد کو ساتھ لے گئے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

کولا نیکسٹ کے مالک کے اغوا کی درخواست کلری پولیس سٹیشن میں جمع کروائی گئی تاہم پولیس نے ایف آئی آر درج نہیں کی۔ ایس ایس پی سٹی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ ہم نے فوری طور پر درخواست وصول کر لی تھی تاہم ہمارے پاس مقدمہ درج کروانے کوئی نہیں آیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 23 جولائی کی شام سوا 5 بجے کے قریب ذوالفقار احمد ٹیکسٹائل ملز سے اپنے دوست قیصر کے ہمراہ کلفٹن جا رہے تھے۔ جو وہ آگرہ تاج کالونی ماڑی پور روڈ پر پہنچے تو اس دوران ایک ڈبل کیبن گاڑی نے ان کی کار کو آگے سے آ کر روکا۔ ویگو میں سوار 8 نامعلوم مسلح افراد نے اتر کر ذوالفقار احمد اور ان کے دوست قیصر کو اسلحے کے زور پر اپنی گاڑی میں بٹھایا اور ہمراہ لے گئے۔ کچھ دور جا کر انہوں نے دوست قیصر کو گاڑی سے اتار دیا مگر ذوالفقار احمد کو ساتھ لے گئے۔

مغوی کے خاندان والوں نے ذوالفقار احمد کی بازیابی کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔

مزیدخبریں