سینیٹ کا چئیرمین اور اپوزیشن لیڈر دونوں سلیکٹڈ ہیں: رانا ثنا اللہ

06:30 PM, 26 Mar, 2021

نیا دور

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان ایوان بالا ( سینیٹ) میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر اختلافات بڑھتے جارہے ہیں۔


 پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خان نے جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے  کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپوزیشن کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں پیپلزپارٹی سےغلطی کس نے کروائی ہے؟ چیئرمین سینیٹ اور لیڈر آف اپوزیشن بھی سلیکٹڈ ہیں، پیپلزپارٹی نے خود کو نقصان پہنچایا ہے۔


رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ پیپلزپارٹی نے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے ساتھ مل کر نقصان کا سودا کیا ہے۔


انہوں نے کہا کہ مطالبہ کیا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ اجلاس میں پی پی اور اے این پی کوبلایا جائے۔


رانا ثنا اللہ نے کہاکہ صادق سنجرانی نے گیلانی کو اپوزیشن لیڈربنانے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، پیپلزپارٹی اوریوسف رضا گیلانی نےبہت ہی غلط فیصلہ کیا ہے۔


خیال رہے کہ سینیٹ میں پاکستان پیپپلزپارٹی کے سینیئر رہنما و سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپوزیشن لیڈر مقرر ہوگئے ہیں جس کے بعد اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی 2 بڑی جماعتوں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان اختلافات سامنے آگئے ہیں۔


دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر بیان بازی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

مزیدخبریں