انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: وزیراعظم کو حکم امتناع نہ مل سکا، تحریری حکم جاری

06:44 AM, 26 Mar, 2022

نیا دور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔

اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس عامرفاروق نے انتخابی مہم میں وزرا اور وزیراعظم کی شرکت پر پابندی کےخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کے بعد 3 صفحات کا تحریری حکم جاری کیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق نوٹس کے باوجود الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان اور اسد عمر کو حکم امتناع نہ مل سکا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے مرکزی پٹیشن اور حکم امتناع کی متفرق درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے جب کہ عدالت نے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان کو بھی کیس میں معاونت کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔

تحریر ی حکم کے مطابق درخواست پر مزید سماعت 28 مارچ کو ہوگی۔

وزیراعظم عمران خان کے وکیل کا کہنا ہےکہ انتخابی مہم میں وزیر اعظم اور وزرا کی پابندی خلاف قانون ہے۔

واضح رہےکہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیر اعظم عمران خان، وزیر اعلیٰ محمود خان، وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی،مراد سعید اور صوبائی وزرا محب اللہ اور ڈاکٹر امجد علی کو نوٹس جاری کیے تھے جسے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں قانون کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وزیراعظم عمران خان کو ایک اور نوٹس جاری کردیا۔
مزیدخبریں