موبائل فون پر گفتگو کرتے ہوئے، مقتولہ پوجا کماری کے چچا زاد بھائی سکندر اوڈ کا لہجہ جذبات سے خالی تھا اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ سوالات پوچھنے والوں کو جواب دے دے کر تھک گیا ہے۔
"جناب یہ ایک سیدھا سا کیس ہے جس میں قتل کی ایف آئی آر درج ہے۔ آلہ قتل برآمد ہے اور تینوں ملزمان گرفتار ہیں۔ اتفاقیہ گولی چلنے سے لڑکی کی موت واقع ہوئی ہے۔ پولیس تفتیش کر رہی ہے کہ مقتولہ کے ملزمان کے ساتھ تعلقات کی کیا نوعیت تھی۔ اس کیس میں جبری تبدیلی مذہب کے حوالے سے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں اور "ان کی برادری کے مُکھی (برادری کا بڑا / سردار)" سے بھی ہم نے رابطہ کرکے بیان لیا کہ یہ ایک عام قتل کا کیس ہے"۔ موبائل فون پر گفتگو کرتے ہوئے، روہڑی سرکل کے ڈی ایس پی حق نواز سولنگی صاحب کے لئے پوجا کماری قتل کیس ایک عام نوعیت کا قتل کیس ہی تھا اور میڈیا پر اسکی غلط کوریج سے وہ تھوڑے نالاں بھی محسوس ہو رہے تھے۔
"پولیس تو ہمیشہ صحیح کہہ رہی ہوتی ہے، ان کے کے لئے تو ہر کیس ہی آسان ہوتا ہے، فوراً تحقیق مکمل ہو جاتی ہے اور کیس کا چالان عدالت میں پیش کرکے پولیس اپنے کام سے بری الذمہ ہو جاتی ہے۔ پوجا کماری کے قتل کے بعد پولیس نے اُس وقت تک ایف آئی آر درج نہیں کی کہ جب تک مقتولہ کے ورثا نے نیشنل ہائی وے پر لاش رکھ کر احتجاج نہیں کیا اور ایف آئی آر کے بعد پولیس کا وہی روایتی بیان کہ پوجا کماری تو "اتفاقیہ" گولی چلنے کی وجہ سے جاں بحق ہوئی ہے اور اس کے تعلقات تھے وغیرہ وغیرہ۔ سائیں میں آپ کو بتاتا ہوں اگر پوجا کماری جان سے نہ جاتی تو اس کے ساتھ کیا ہوتا؟ بالکل وہی ہوتا جو ہر کیس میں ہوتا ہے کہ پہلے کچھ دن وہ لاپتا رہتی اور پِھر اطلاع ملتی کہ پوجا کماری نے بھرچونڈی شریف کی درگاہ پر اسلام قبول کر لیا ہے اور اس کا اسلامی نام مریم رکھا گیا ہے اور وہ واحد بخش لاشاری نام کے "اچھے اور پکے" مسلمان کی بیوی ہے اور اب وہ اپنے والدین کے لئے بھی "نامحرم" ہے۔ سائیں ہم نے درجنوں ایسے کیس رپورٹ کئے ہیں۔ اپر سندھ کے ہر نوجوان لڑکے اور مرد کو یہ معلوم ہے کہ اگر کسی ہندو لڑکی سے چکر چلانا ہے تو فکر کی کوئی بات نہیں۔ ڈہرکی میں میاں مٹھو ہمارا ہیڈ بیٹھا ہے، وہ سب سنبھال لے گا۔ سائیں میں آپ سے پوچھتا ہوں کہ میاں مٹھو کو اس طرح کی پاور آخر کن قوتوں نے دی ہے کہ وہ لوگوں کے بچوں کے مذہب کا فیصلہ کرتا پِھرے؟." سکھر کے معروف صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن تاج رند کی موبائل فون پر بات کرتے ہوئے آواز بلند تھی اور اس میں شدید غصے کا عنصر شامل تھا۔
پوجا کماری کے قتل کے واقعہ نے جبری تبدیلی مذہب کی سنگین صورتحال کو مزید واضح کیا ہے۔ اقلیتی نابالغ لڑکیوں کی جبری تبدیلی مذہب اور صنفی بنیاد پر تشدد پاکستان میں ایک دیرینہ اور مستقل مسئلہ ہے۔ ایک طرف تو ان واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دوسری طرف حکومت اس مسئلہ کو سمجھنے کے لئے تیار ہی نہیں ہے۔
پاکستان میں جبری تبدیلی مذہب کے قابلِ تصدیق اعدادوشمار جمع کرنے والی معروف سماجی تنظیم، ادارہ برائے سماجی انصاف (CSJ) کے جمع کردہ اعدادوشمار سے پتا چلتا ہے کہ سال 2021 کے دوران جبری طور پر تبدیلی مذہب کے کم از کم 78 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 39 ہندو، 38 مسیحی، اور ایک سکھ لڑکیاں/خواتین شامل ہیں۔
سندھ میں 40، پنجاب میں 36 اور خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں ایک ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ان واقعات میں 2020 کے مقابلے میں 80 فیصد اور 2019 کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان متاثرین میں سے 76 فیصد لڑکیاں نابالغ تھیں (18 سال سے کم)، جبکہ 33 فیصد کی عمر 14 سال یا اس سے بھی کم تھی۔ مزید برآں، 18 فیصد کی عمر کا ذکر نہیں کیا گیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جبر ی تبد یلی مذہب کا شکار ہونے والی 94 فیصد بچیاں نابالغ تھیں۔
مندرجہ بالا اعدادوشمار اس سرکاری بیانیے کو بھی چیلنج کرتے ہیں کہ جس میں یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ بنیادی طور پر تبدیلی مذہب رضاکارانہ طور پر کی جانے والی پسند کی شادیاں ہیں، جبکہ زیادہ تر لڑکیاں کم عمر ہوتی ہیں۔ یقیناً ایسے سرکاری بیانیے سے مجرموں کی حوصلہ افزائی ہی ہوتی ہے حالانکہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 20 کے تحت تمام شہریوں کی مذہبی آزادی کو تحفظ حاصل ہے اور اقلیتوں کو زبردستی اپنا مذہب تبدیل کرنے پر مجبور کرنا غیر قانونی اور غیر اخلاقی ہے۔ اقلیتی لڑکیوں اور خواتین کو ان کے کمزور سماجی حالات کی وجہ سے نشانہ بنایا جاتا ہے، اس لیے وہ انصاف تک رسائی حاصل نہیں کر پاتی ہیں اور اسی وجہ سے مجرمان قانون کی گرفت سے بچ جاتے ہیں۔
صورتحال کی سنگینی اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر بات کرتے ہوئے، پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان ہندو کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے کہا "جیسے پاکستان بننے سے پہلے مسلمانوں کے مطالبے پر 1937 کا مسلم پرسنل لاء آیا تھا، اسی طرح یہ بھی اقلیتوں کا پرسنل لا ہے جس پر وزارتِ مذہبی امور یا اسلامی نظریاتی کونسل کا اعتراض غیر آئینی اور اقلیتوں کو آئین میں دی گئی آزادیوں سے متصادم ہے۔ اگر 18 سال کی عمر سے پہلے شناختی کارڈ نہیں بن سکتا، بینک اکاؤنٹ نہیں کھل سکتا اور ووٹ نہیں ڈالا جا سکتا تو تبدیلی مذہب جیسا بڑا فیصلہ کیسے ہو سکتا ہے؟"
اگر حکومت سنجیدہ ہو تو درج ذیل موجود قوانیں کے ذریعے جبری تبدیلی مذہب کے واقعات کی روک تھام کی جا سکتی ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے جس میں 18 سال سے کم عمر کی شادیوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا، چاہے اُن میں ان کی اپنی مرضی شامل ہو۔
وفاقی شرعی عدالت کا یہ حکم کہ حکومت کی جانب سے قانونی طور پر کم از کم شادی کی عمر مقرر کرنا غیر اسلامی فعل نہیں ہوگا لہذا، قانون سازوں کو شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کم عمری میں شادیوں کو روکنے کے لیے موجودہ قوانین میں ترمیم لانے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔
تعزیرا ت پاکستان کی دفعات 375، 376، 493-A، 498-B، اور 466، مگر ان قوانین پر صحیح معنوں میں عمل درآمد نہ ہونا جبری تبدیلی مذہب کو روکنے میں ایک اہم رکاوٹ ہے۔ لہٰذا حکومت کو پاکستان میں جبری تبدیلی مذہب، کم عمر/ جبری شادیوں اور جنسی تشدد سے متعلق جرائم کے خلاف اقلیتوں کے تحفظ کے لیے موثر قانونی اور انتظامی تحفظات متعارف کروانا اور ان پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔