جے یو آئی رہنما طلحہٰ محمود پیپلز پارٹی میں شامل

سینیٹر طلحہٰ محمود نے کہا کہ میں جب سے سیاست میں ہوں جے یوآئی کا حصہ رہا ہوں لیکن اس وقت پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔  جو ملک کے بڑے ستون ہیں اور آج کل جو حالات ہیں سب کے سامنے ہیں۔ ان مشکلات سے نکلنے کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

01:51 PM, 26 Mar, 2024

نیا دور

جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) رہنما طلحہٰ محمود نے پارٹی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
سابق وفاقی وزیربرائے مذہبی امور سینیٹر طلحہٰ محمود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مجھے بلاول بھٹو زرداری کی طرف سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کی دعوت آئی تھی اور مجھے ایک ہفتہ قبل آصف زردای نے بلایا جہاں تفصیلی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے بھی مجھے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی اس لیے میں اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں جب سے سیاست میں ہوں جے یوآئی کا حصہ رہا ہوں لیکن اس وقت پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔  جو ملک کے بڑے ستون ہیں اور آج کل جو حالات ہیں سب کے سامنے ہیں۔ ان مشکلات سے نکلنے کے لیے سب کو اپنا حصہ ڈالنا ہے۔

سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ میں مختلف عہدوں پر کام کرتا رہا ہوں۔ میری زندگی کھلی کتاب کی طرح ہے۔ میں نے ہمیشہ اپنی زندگی صاف ستھری گزارنے کی کوشش کی ہے۔ گزشتہ 18 برس کے دوران حکومتِ پاکستان سے کوئی مراعات یا تنخواہ نہیں لی۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت ہے کہ میں قومی سطح پر کوئی کام کرسکوں اور موجودہ حالات میں قومی سطح پر پیپلزپارٹی سے بہتر کوئی جماعت نظر نہیں آتی۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں


اس موقع پر پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ طلحہٰ محمود سینیئر سیاستدان ہیں اور وہ آج پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے ہیں۔ انہیں پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
سیکریٹری جنرل نیر بخاری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت میں وہ بصیرت ہے کہ وہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ پیپلزپارٹی میں انکا کردار نمایاں ہوگا اور ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں گے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں مزید لوگ بھی رابطے میں ہیں۔ جلد خیبر پختون خوا سے مزید لوگ پیپلز پارٹی جوائن کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ سپیکر کے پی اسمبلی آئین و قانون کے خلاف ورزی کر رہے ہیں، خیبر پختون خوا میں اپوزیشن سرپرائز دے گی، پیپلز پارٹی کو کے پی میں مضبوط بنائیں گے
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی طلحہٰ محمود کی سیاسی بصیرت سے استفادہ کرے گی۔ خیبر پختون خوا میں مخصوص نشستوں پر حلف نہیں لیا جا رہا۔
پی پی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ خیبر پختون خوا میں آئین و قانون کی پامالی کی جا رہی ہے۔ سینیٹ انتخابات میں خیبر پختون خوا میں سرپرائز دیں گے۔

مزیدخبریں