عدالتی فیصلے کی آڑ میں فسادی جتھہ ساری رات آگ لگاتا رہا، رانا ثنا اللّٰہ

04:59 AM, 26 May, 2022

نیا دور
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عدالتی فیصلے کی آڑ میں فسادی جتھہ ساری رات آگ لگاتا رہا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ نئے الیکشن کا فیصلہ اتحادی جماعتیں کریں گی، عمران خان الیکشن ہارجائے گا تو پھر کہے گا دوبارہ الیکشن کراؤ۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان خیبرپختونخوا حکومت اور جی بی حکومت کے وسائل استعمال کرکے یہاں آئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ساری رات میں نے خود سیکیورٹی حالات کی مانیٹرنگ کی ہے، عوام نے فسادی، فتنہ جتھے کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے، سپریم کورٹ سے غلط بیانی کر کے عمران نیازی شہر میں داخل ہوئے، عمران نیازی نے ڈی چوک جانے کا اعلان کرکے وعدہ خلافی کی۔

رانا ثنا اللّٰہ نے کہا کہ میٹروبس اسٹیشن جلائے گئے اور درختوں کو آگ لگائی گئی، عدالتی فیصلے کی آڑ میں فسادی جتھہ ساری رات آگ لگاتا رہا، عمران نیازی کنٹینر سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اُڑاتا رہا، ساری رات وہ کنٹینر سے توہینِ عدالت کے اعلان کرتے رہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے ایک بھی ربربلٹ نہیں چلائی، تمام جھوٹا پروپیگنڈا ہے، 18 رینجرز اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں، پولیس اور رینجرز لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کا فریضہ انجام دیتے رہیں گے، پولیس اور رینجرز کے ہر جوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ آج سپریم کورٹ آئین اور ریاست کی رٹ یقینی بنانے کیلئے واضح احکامات دے، رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے بہادری سے پیشہ وارانہ ذمہ داری نبھائی۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان چھ دن بعد 6 لاکھ آدمی لے آئیں میں ان کے مطالبے کی حمایت کردوں گا۔


خیال رہے کہ جناح ایونیو اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کرنے اور انتخابات کے اعلان کیلئے 6 روز کی مہلت دی۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن کا اعلان اور اسمبلیاں تحلیل نہ کی گئیں تو وہ عوام کے ساتھ دوبارہ اسلام آباد آئیں گے۔

مزیدخبریں