پنجاب بلدیاتی انتخابات: الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا گیا

09:43 AM, 26 May, 2023

حسن نقوی
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت حاصل کئے بغیر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں۔ ان کے لئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعتی بنیادوں پر کیا جائے گا۔ چنانچہ ایسے متوقع امیدواران جو آزاد حیثیت میں بغیر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں۔ انہیں الیکٹورل گروپ کا اندراج کروا کر گروپ کی صورت میں الیکشن میں حصہ لینا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے الیکشن کمیشن نے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

الیکٹورل گروپ کے اندراج کے شیڈول کے مطابق 5 جون 2023 کو الیکٹورل گروپس کے اندراج کے لئے پبلک نوٹس جاری کیا جائے گا۔ 06 تا 12جون تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا ان کے مجاز نمائندگان، فارم-1 پر الیکشن کمیشن کے مجاز افسر کے پاس درخواست جمع کروا سکیں گے۔ 19 جون تک مجاز افسران فارم-1 پر موصول ہوئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کسی کمی بیشی کی صورت میں درخواست متعلقہ الیکٹورل گروپ کے سربراہ کو واپس دیں گے۔ 26 جون تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا ان کے مجاز نمائندگان مجاز افسر کے پاس درستگی کے بعد ترمیم شدہ فارم-1 دوبارہ جمع کروائیں گے۔ 27 جون تا 03 جولائی تک مجاز افسران الیکٹورل گروپ کے اندراج کی تصدیقی سند فارم 3جاری کریں گے۔

درخواستوں کو منظور یا مسترد کرنے پر مجاز افسران کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات و گزارشات دائر کرنے کی تاریخ 04 جولائی تا 10جولائی مقرر کی گئی ہے۔ ان گزارشات یا اعتراضات کی شنوائی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ افسران کریں گے۔ 17جولائی تک ان اعتراضات و گزارشات پر فیصلے جاری کر دئیے جائیں گے اور الیکٹورل گروپس کے اندراج کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے متوقع امیدواران کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کئے بغیر انتخابات لڑنا چاہتے ہیں ان کے لئے لازم ہے کہ وہ جلد اپنے الیکٹورل گروپ کا اندراج کروائیں اور انتخابات میں حصہ لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں پہلی بار انتخابات میں الیکٹورل گروپس کا اندراج عمل میں لایا جائےگا۔ لہٰذا عوام الناس بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں اور دوسروں کو آگاہ کریں۔

مزیدخبریں