جیو نیوز پر اپنے پروگرام 'جرگہ' کے ابتدائیے میں بات کرتے ہوئے سلیم سافی نے کہا کہ 2018 کے الیکشن کی ٹرانسمیشن ہو رہی تھی تو ہم نے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ سٹیشنز سے باہر نکالے جانے کی اطلاعات اور آر ٹی ایس کے بارے میں گفتگو کی تو جیو نیوز پر دباؤ ڈال کر مجھے الیکشن ٹرانسمیشن سے ہٹوا دیا گیا۔
سلیم صافی نے مزید بتایا کہ اس وقت کے ڈی جی آئی ایس پی آر اور عمران خان کے ایما پر جیو نیوز کو مجبور کر کے میرے لائیو شو پر پابندی لگوا دی گئی۔ " عمران خان کی طرف سے جیو کی انتظامیہ پر مجھے نوکری سے نکالنے کا بھی پریشر تھا لیکن لائیو شو کرنے پر تو چار سال پابندی برقرار رکھی گئی۔"
سلیم صافی نے کہا کہ آج وہ چار سال کے بعد جیو نیوز اسلام آباد سے اپنے پروگرام جرگہ کو براہ راست پیش کر رہے ہیں۔ پروگرام میں ان کے مہمان وزیرِ داخلہ رانا ثنااللہ تھے۔