بھارتی ٹی وی نے پاکستان کی جیت کا اعتراف کرتے ہوئے ’موقع موقع‘ کا نیا اشتہار جاری کر دیا

11:10 AM, 26 Oct, 2021

نیا دور
معروف بھارتی اسپورٹس چینل ’اسٹار اسپورٹس‘ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچ میں پاکستانی جیت کا اعتراف کرتے ہوئے مشہور اشتہار ’ موقع موقع‘ کی نئی ویڈیو جاری کردی، جس میں پاکستانی مداح کو خوشی سے پٹاخے پھوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو 24 اکتوبر کو ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ کے میچ میں 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

پاکستان کی تاریخی کامیابی کے بعد جہاں بھارتی لوگ اپنی ٹیم پر تنقید کرتے دکھائی دے رہے ہیں، وہیں ماضی میں پاکستان پر طنز کرنے والے لوگ بھی معافیاں مانگتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پر طنز کرتے ہوئے اشتہار بنانے والے ٹی وی چینل ’اسٹار اسپورٹس‘ نے پاکستانی ٹیم کے کھیل کی تعریف کرتے ہوئے معروف اشتہار ’ موقع موقع‘ کی نئی ویڈیو بھی جاری کردی۔

نئی ویڈیو میں پاکستانی مداح کو قومی ٹیم کی جیت کے بعد پٹاخے پھوڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

https://twitter.com/StarSportsIndia/status/1452677904131756034

اس سے قبل ’ موقع موقع‘ کے جاری کیے گئے اشتہارات میں ہر مرتبہ پاکستانی مداح کو پٹاخے خریدتے ہوئے دکھایا گیا تھا مگر قومی ٹیم کی ہر مرتبہ شکست کی وجہ سے انہیں پٹاخے پھوڑنے کا موقع نہیں ملتا، جس کی وجہ سے ہی مذکورہ اشتہار کو ’ موقع موقع‘ کے گانے پر بنایا گیا تھا۔

دوسری جانب 2015 میں پہلے ’ موقع موقع‘ کے اشتہار کے بول لکھنے والے لکھاری مصطفیٰ رنگوالا نے بھی پاکستانی جیت کے بعد کہا ہے کہ انہوں نے مذکورہ اشتہار کے بول کسی پر طنز کرنے کے لیے نہیں لکھے تھے۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹس میں لکھا کہ انہوں نے جنوری 2015 میں اسپورٹس چینل کی فرمائش پر گانے کے بول لکھے جو کھیل میں جیت کا جشن منانے کے جذبات کو پیش کرتے ہیں لیکن گزرتے وقت کے ساتھ وہ بول طنز اور تنقید میں بدل گئے۔

https://twitter.com/StarSportsIndia/status/1451465988340211714

پاکستانی جیت کے بعد لکھاری نے لکھا کہ ان کی جانب سے ’ موقع موقع‘ کے بول لکھنے کا مقصد روایتی حریف پر طنز کرنا یا دشمن کو ہرانے کا جشن منانا نہیں تھا بلکہ ان کے بول کا مطلب کھیل کی جیت کا جشن منانا تھا۔

موقع موقع‘ کا پہلا اشتہار جنوری 2015 میں اس وقت جاری کیا گیا تھا جب کہ فروری 2015 کے پہلے ہفتے میں پاکستان اور بھارت کا ون ڈے میچ ہونا تھا۔

مذکورہ اشتہار میں 1992 کے کرکٹ ورلڈ کپ کے ان تمام میچز کو دکھایا گیا تھا، جن میں پاکستان کو شکست ہوئی تھی اور پاکستانی مداح کو ہر مرتبہ میچ جیتنے کی خوشی کا جشن منانے کے لیے پٹاخے خریدتے ہوئے دکھایا گیا، جنہیں پھوڑنے کا موقع انہیں ملتا۔
مزیدخبریں