لانگ مارچ میں لاشیں، ارشد شریف کا قتل سازش، یہ میں نہیں فیصل واؤڈا کہہ رہا ہے: نواز شریف

06:17 PM, 26 Oct, 2022

نیا دور
فیصل واؤڈا کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ارشد شریف کے قتل پر میں نہیں خود پی ٹی آئی رہنما کہہ رہا ہے کہ اس لانگ مارچ میں لاشیں گریں گی اور خون خرابہ ہوگا۔

اس سوال پر کہ کیا فیصل واؤڈا کے انکشافات کی بنیاد پر عمران خان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے، نواز شریف نے کہا کہ یہ تو اب فیصل واؤڈا کہہ رہا ہے، میں نہیں۔

عمران خان کوئی انقلاب نہیں لا رہا۔ یہ جو انقلاب کی باتیں کر رہا ہے، لوگوں نے دیکھ لیا ہے جو یہ چار سال میں انقلاب لایا ہے۔ یہ لانگ مارچ صرف اور صرف آرمی چیف وہ لگوانے کے لئے ہو رہا ہے جس کو عمران خان صاحب اپنا بندا سمجھیں۔

آرمی چیف ایک ادارے کا چیف ہوتا ہے، کسی ادارے کا نہیں۔ یہ تو نہیں ہو سکتا کہ فلاں سیاستدان کہہ رہا ہے تو اس کے کہنے پر آرمی چیف لگا دیا جائے۔ کوئی انقلاب وغیرہ نہیں لایا جا رہا۔ "یہ انقلابی بندا ہی نہیں ہے۔ جھوٹا آدمی ہے۔ سب کو چور کہتا ہے، خود سب سے بڑا چور نکل آیا ہے۔ فارن فنڈنگ سے بڑی چوری اور کیا ہو سکتی ہے؟ 50 ارب روپے کا عمران خان کا سکینڈل ہے، اتنا بڑا سکینڈل پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں آیا۔"

نواز شریف کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ بھی ایک بہت بڑا سکینڈل ہے۔ "یہ تو ایسے ہی ہے کہ ایک چور بھاگا جا رہا ہو، لوگ اس کے پیچھے چور، چور کی آوازیں لگا رہے ہوں تو وہ خود بھی چور، چور کی آوازیں لگانا شروع کر دے اور لوگ سمجھیں کہ یہ تو چور، چور کہہ رہا ہے، یہ تو چور نہیں ہو سکتا۔"

اس موقع پر سوال کیا گیا کہ ارشد شریف کے قتل کو بھی فیصل واؤڈا نے سازش قرار دیا ہے۔ اس کا جواب مریم نواز نے دیا کہ لانگ مارچ کا اور کیا مقصد ہے؟ "اس کا مقصد کوئی بہتری تو ہے نہیں۔ مقصد پاکستان کی تباہی ہے، اس میں فتنہ پھیلانا ہے۔ ان کی سیاست ناکام ہو رہی ہے اس لئے انہیں اب اور چیزوں کی ضرورت ہے۔ ان کا تمام منصوبے ناکام ہو چکے ہیں تو اب یہ چاہتے ہیں کوئی ایسا شر پیدا ہو جس سے یہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں۔"
مزیدخبریں