ایکس نے آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کروا دیا

ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ پلیٹ فارم کو ایک سُپر ایپ میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس میں پیغام رسانی اور سوشل نیٹ ورکنگ سے لے کر ایک دوسرے کو رقم کی منتقلی تک بہت سے فیچرز پیش کیے جائیں گے۔

11:26 AM, 26 Oct, 2023

نیا دور

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ( ٹوئٹر) نے صارفین کے لیے آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا فیچر متعارف کردیا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ ایکس پر فیس بک، انسٹاگرام، سنیپ چیٹ اور واٹس ایپ جیسا فیچر پیش کیا ہے۔

گزشتہ ڈیڑھ دہائی کے دوران ایکس پر آڈیو یا ویڈیو کال فیچر کو پیش نہیں کیا گیا تھا۔ تاہم ایلون مسک کی جانب سے کمپنی کو خریدے جانے کے بعد اس میں متعدد تبدیلیاں کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔

ابتدائی طور پر مئی 2023 میں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ ایکس پر ویڈیو اور آڈیو کالز کے فیچر کو پیش کیا جائے گا اور اب ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ پلیٹ فارم پر آڈیو اور ویڈیو کالنگ کا ابتدائی ورژن متعارف کروایا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر کو ایکس کا نام دینے کے بعد ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ پلیٹ فارم کو ایک سُپر ایپ میں تبدیل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس میں پیغام رسانی اور سوشل نیٹ ورکنگ سے لے کر ایک دوسرے کو رقم کی منتقلی تک بہت سے فیچرز پیش کیے جائیں گے۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے سب سے پہلے آپ کو ایپ کی settings میں جاکر ”Enable audio and video calling“ کو سلیکٹ کرکے ٹرن آن کرنا ہوگا۔

اب جسے کال کرنی ہے اس کے DM میں جاکر فون آئکن کو کلک کرنا ہوگا جو آپ کی سکرین کے اوپر کی طرف دائیں کونے میں موجود ہوگا اور آڈیو یا ویڈیو کال کا انتخاب کر کے کال کر سکتے ہیں۔

ایکس کے آفیشل اکاؤنٹ پر اس فیچر کا اعلان تو نہیں کیا گیا تاہم ایکس کی جانب سے لکھا گیا کہ ’کیا آپ اس کے لیے تیار ہیں؟‘

تاہم یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ اس فیچر کو کتنے ممالک میں متعارف کروایا گیا ہے یا پھر اسے پریمیم صارفین کے علاوہ عام صارفین بھی استعمال کرسکتے ہیں یا نہیں۔

تاہم پاکستان میں ابھی یہ فیچر متعارف نہیں ہوا ہے۔

مزیدخبریں