ایشین پیرا گیمز میں پاکستانی ایتھلیٹ حیدر علی نے گولڈ میڈل جیت لیا

قومی ایتھلیٹ حیدر علی نے ایشین پیرا گیمز میں مینز ڈسک تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا۔ 2021 کے پیرا اولمپکس میں بھی حیدر علی گولڈ میڈل پاکستان کے نام کر چکے ہیں۔

12:14 PM, 26 Oct, 2023

نیا دور

پاکستانی ایتھلیٹ حیدرعلی نے چین میں جاری ایشین پیرا گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

قومی ایتھلیٹ حیدر علی نے ایشین پیرا گیمز میں مینز ڈسک تھرو مقابلے میں گولڈ میڈل جیتا. حیدر علی نے 51.23 میٹر ڈسکس پھینکی۔

اس سے قبل بھی حیدر علی 2021 کے پیرا اولمپکس میں گولڈ میڈل پاکستان کے نام کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشین پیرا گیمز چین کے شہر ہانگ زو میں جاری ہیں۔ 28 اکتوبر تک جاری رہنے والے ایشین گیمز میں پاکستان کے 11 ایتھلیٹس شریک ہیں۔

حیدر علی پیرالمپک مقابلوں میں پاکستان کے سب سے کامیاب اور جانے پہچانے ایتھلیٹ ہیں۔حیدر علی کا تعلق پاکستان کے شہر گوجرانوالہ سے ہے اور وہ کھیلوں کی بنیاد پر واپڈا سے وابستہ ہیں۔

حیدرعلی کی عام مقابلوں کے بجائے پیرالمپک مقابلوں میں شرکت کی وجہ یہ ہے کہ ان کی دائیں ٹانگ، بائیں ٹانگ سے ایک انچ چھوٹی اور دو انچ پتلی ہے لیکن انھوں نے کبھی بھی اسے اپنی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا بلکہ وہ پاکستان کے سب سے کامیاب پیرا ایتھلیٹ سمجھے جاتے ہیں۔

حیدر علی کا کہنا ہے کہ وہ عام ایتھلیٹس کی طرح ہی ٹریننگ کرتے ہیں اور ان کے کوچ اکبر علی مغل انھیں سخت ٹریننگ کرواتے ہیں۔

حیدر علی پہلے لانگ جمپ میں حصہ لیا کرتے تھے لیکن پھر انھوں نے ڈسکس تھرو کو اپنا لیا۔

انھوں نے 2008 میں بیجنگ میں منعقدہ پیرالمپکس میں چاندی اور 2016 میں ریو ڈی جنیرو میں ہونے والے پیرالمپکس میں کانسی کے تمغے جیتے تھے تاہم ان دونوں مقابلوں میں انھوں نے لانگ جمپ کے ایونٹ میں حصہ لیا تھا۔

مزیدخبریں