جنرل اسمبلی اجلاس: وزیراعظم عمران خان کی اب تک کی 5 بڑی کامیابیاں

12:19 PM, 26 Sep, 2019

نیا دور
پاکستانی وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 74ویں اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہیں۔ وزیراعظم عمران خان جنرل اسمبلی اجلاس میں اپنے خطاب سے پہلے کافی متحرک دکھائی دے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بین الاقوامی میڈیا کی نظریں بھی عمران خان پر ہے۔ وزیراعظم کی اب تک کی پانچ بڑی کامیابیاں یہ ہیں۔

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کا ’احساس پروگرام‘ کے لئے فنڈ کا اعلان

نیویارک میں وزیراعظم عمران خان کی مائیکرسافٹ کے بانی بل گیٹس سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے شریک سربراہ بل گیٹس نے پاکستان کو آئندہ برس 'احساس پروگرام' پر عملدرآمد کے لیے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم عمران خان، احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس موجود تھے۔ مفاہمتی یادداشت کے مطابق بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی رقم غربت کے خاتمے کے 134 منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

اسلام دشمنی (Islamophobia) کا مقابلہ کرنے کے لئے چینل شروع کرنے کا فیصلہ

پاکستان ترکی اور ملائیشیا نے ایک ساتھ مل کر اسلام دشمنی (Islamophobia) کا مقابلہ کرنے کے لئے انگریزی چینل شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اس بات کا اعلان سماجی روابط کی ویب ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں کیا۔ اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم نے لکھا کہ صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم مہاتیر محمد اور میں نے آج ملاقات کی اور فیصلہ کیا کہ ہم تینوں ممالک مل کر ایک ایسا انگریزی چینل شروع کریں گے، جو اسلام دشمنی (Islamophobia) سے جنم لینے والے چیلنجز کے مقابلے اور ہمارے عظیم مذہب 'اسلام' کے حقیقی تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے مختص ہوگا۔



عمران خان نے اپنی بات جو جاری رکھتے ہوئے مزید لکھا کہ ایسی تمام غلط فہمیاں جو لوگوں کو مسلمانوں کے خلاف یکجا کرتی ہیں، ان کا ازالہ کیا جائے گا۔

گوگل پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے رہنما

اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران وزیراعظم پاکستان عمران خان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس ضمن میں گوگل ٹرینڈز کی جانب سے جاری سروے کے مطابق عمران خان کو یو این جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شامل تمام ممالک کے سربراہان میں سے دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا ہے۔ گوگل ٹرینڈز کی جانب سے جاری فہرست میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے، جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پانچویں نمبر پرموجود ہیں۔



مسئلہ کشمیر پر مثبت اور متحرک سفارتکاری

جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک وزیراعظم پاکستان اور ان کا وفد مسئلہ کشمیر پر بھی متحرک ہے۔ عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور انہیں مقبوضہ وادی میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ چند دنوں میں وزیر اعظم عمران خان نے درجنوں ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کی ہے اور انہیں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

امریکہ میں بھی کفایت شعاری مہم جاری

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھی عمران خان نے کفایت شعاری مہم کو مدنظر رکھا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت امریکا جانے والے وفد کا یہ دورہ سستا ترین دورہ ہے۔ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے وزیراعظم کے وفد نے خصوصی طیارے کے بجائے کمرشل پرواز سے سفر کیا ہے جبکہ وفد نے پی آئی اے کے ہوٹل میں قیام کیا ہے۔ عمران خان کی اس کفایت شعاری کی تعریف بھارت میں بھی کی جا رہی ہے۔

خیال رہے وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے اور 27 ستمبر کو ہی نیویارک میں پریس کانفرنس بھی کریں گے۔
مزیدخبریں