بھارت نے پاکستانی ٹیم کے ویزے  جاری کر دیے  

ویزے لگنے کے بعد پاسپورٹ منگل کو موصول ہوں گے۔قومی کرکٹ ٹیم بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے آج رات لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے رات 9 بجے دبئی کیلئے روانہ ہوگی بعدازاں مختصر قیام کے بعد حیدرآباد پہنچے گی۔

12:20 PM, 26 Sep, 2023

نیا دور

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں شرکت کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھارت کی جانب سے ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی جانب سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کو احتجاجی خط لکھے جانے کےبعد بھارت نے ویزے منظور کر لیے ہیں۔

آئی سی سی نے تصدیق کی ہے کہ بھارتی حکومت نے ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ کے لیے ویزوں کی منظوری دے دی ہے۔

بھارت نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری کردیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کو بھارتی ہائی کمشنر کی جانب سے ویزے جاری ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق بھارت نے سیکیورٹی کلیئرنس کا این اوسی بھی جاری کردیا ہے جو بھارتی ہائی کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔ ویزے لگنے کے بعد پاسپورٹ منگل کو موصول ہوں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے آج رات لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے رات 9 بجے دبئی کیلئے روانہ ہوگی بعدازاں مختصر قیام کے بعد حیدرآباد پہنچے گی۔

بھارت کی جانب سے قومی ٹیم کے ویزوں میں تاخیر کے باعث دبئی میں قیام مختصر کردیا گیا ہے۔ اس طرح سے ٹیم ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز سے قبل صرف ایک روزہ ٹریننگ سیشن کرسکے گی۔

بھارتی کرکٹ بورڈ  نے کہا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ 29ستمبر کوہوگا، پاکستان اور نیوزی لینڈ کےدرمیان وارم اپ میچ بغیر تماشائیوں کے کھیلاجائےگا۔

بھارت نے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے ویزے سکیورٹی کلیئرنس سے مشروط کر رکھے تھے۔ بھارت پاکستان کے علاوہ تمام ٹیموں کو ویزے جاری کرچکا ہے اور جنوبی افریقہ، آسٹریلیا کی ٹیمیں بھارت پہنچ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہو رہا ہے جس میں پاکستان سمیت 10 ٹیمیں شرکت کریں گی۔

مزیدخبریں