جاوید میانداد نے عمران خان کی مخالفت کردی

12:46 PM, 27 Apr, 2019

نیا دور
کراچی:  پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتےہوئے جاوید میاں داد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود کاؤنٹی کرکٹ اور ڈپارٹمنٹ کرکٹ کھیلی ہے اور آج وہ اس طرز کی کرکٹ کو بند کرنے کی بات کررہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ملک کے حالات ایسے ہیں،ملک خود قرض میں ڈوبا ہوا ہے،لگی ہوئی نوکریاں بھی ختم کررہے ہیں۔ ہمارے لڑکے بھوکے مررہے ہیں،وزیراعظم ان کو نوکریاں دیں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ آپ نے پہلے سے موجود اسپورٹس کے فروغ کے اداروں کو ختم کردیا اور پھر سب اداروں نے ڈپارٹمنٹل کرکٹ ختم کردی ،اب کرکٹرز کہاں سے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسپورٹس کے فروغ کے لیے متبادل اسٹرکچر بنائے بغیر سسٹم ختم کرنا درست نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈپارٹمنٹنل اسپورٹس کی حوصلہ شکنی کے بجائے حوصلہ افزائی کرے اور ہر بڑا ادارہ بیس ،پچیس کھلاڑیوں کو لازمی ملازمت دے۔

اس موقع پر اسکوائش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان نے کہا کہ وہ چودہ برس کی عمر میں آئے اور اگر آج یہاں بیٹھے ہیں تو اپنے ڈپارٹمنٹ کی وجہ سے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی وجہ سے لوگوں کو مستقل ملازمت ملتی ہے، اب میں سنتاہوں 6 ماہ یا سال کے کنٹریکٹ پر رکھا جاتا ہے۔

جہانگیرخان نے کہا کہ جب نوکری برقرار نہ رہنے کی تلوار کھلاڑیوں پر لٹکتی ہو تو ایسے میں کون کھیل سکتا ہے۔
مزیدخبریں