وبا کب ختم ہوگی؟: 'ملک سےکرونا کے خاتمے کے لئے امیدیں لگائے پاکستانی ستمبر 2020 تک انتظار کریں'

11:19 AM, 27 Apr, 2020

نیا دور
کرونا وائرس نے جب سے دنیا کو اپنے نرغے میں لیا ہے سب کو اسی بات کا جواب چاہیئے کہ یہ کرونا وائرس کب ختم ہوگا اور دنیا کی اس سے کب جان چھوٹے گی۔ یہی سوال پاکستانی بھی ایک دوسرے سے پوچھ رہے ہیں۔ لیکن اب تک اسکا خاطر خواہ جواب نہیں مل سکا تھا۔ تاہم اب اس حوالے سے جواب سامنے آیا ہے اور  وائرس کے خاتمے کے لئے ایک تاریخ دے دی گئی ہے۔ 

سنگا پور کی یونیورسٹی آف ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی  کے محققین کی جانب سے تحقیق کے بعد ایک ماڈل بنایا گیا ہے جس کے ذریعے مختلف ممالک میں کرونا وائرس پر قابو پانے کی تاریخ دی گئیں ہیں۔ اس تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح سے کرونا وائرس کی لہر جنم لیتی ہے اس میں اضافہ ہوتا ہے اور پھر اپنی انتہا کو پہنچنے کے بعد کیسے وہ ختم ہوتی ہے۔ اس  رپورٹ میں پاکستان کے حوالے سے بھی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا 100 فیصد خاتمہ 1 ستمبر 2020 تک ہوگا۔ جبکہ  ملک سے وائرس کا 97 فیصد خاتمہ 9 جون اور 99 فیصد خاتمہ 23 جون 2020 کو ہوگا۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے دنیا بھر سے کرونا کا خاتمہ ہوتے ہوتے دسمبر 2020 کا مہینہ آجائے گا اور یہ خاتمہ 9  دسمبر کو ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان میں مئی کے مہینے میں کرونا کی بڑی لہر کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بھارت اور پاکستان میں لاک ڈاؤن کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے جبکہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے بھی کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کب ختم ہوگا اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ 

پاکستان میں کرونا سے اب تک 260 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ کیسز کی تعداد 14 ہزار کے قریب ہے۔
مزیدخبریں