وزیراعظم شہبازشریف نے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا

11:42 AM, 27 Apr, 2023

نیا دور
وزیراعظم شہبازشریف نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے. وزیر خارجہ اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو نے ایوان میں شہباز شریف پر بطور وزیراعظم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اعتماد کے ووٹ کی قرارداد پیش کی۔

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قرارداد کو منظور کرتے ہوئے ووٹنگ کروائی۔ 180 ارکان نے وزیراعظم پر اعتماد کا اظہار کیا۔

ووٹنگ کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے بتایا کہ اگر مفتی عبدالشکور زندہ ہوتے تو اعتماد کے ووٹ 181 ہوتے تاہم انہوں نے 180 ووٹ حاصل کیے ہیں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اعتماد کے ووٹ کے لیے سب کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نےاتحادی جماعتوں کے ظہرانے میں شرکت کی جہاں اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سےمشاورت کی گئی۔ اتفاق رائے کے بعد انہوں نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اتحادی ارکان اسمبلی سے مشاورت کی تو اتحادیوں نے انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ہمیں آپ پر پورا اعتماد ہے آپ کبھی بھی ایوان سے اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں۔

وزیراعظم کی جانب سےارکان پارلیمنٹ کے اعزازمیں ظہرانہ دیا گیا۔ظہرانہ میں 176سے زائد ن لیگ اور اتحادی ایم این ایزنے شرکت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کا مقصد ایسے لوگوں کو پیغام دینا ہے جو یہ سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم کمزور ہیں یا پارلیمنٹ وزیراعظم کے ساتھ نہیں ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم ہاؤس نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کر کے اعتماد کے ووٹ کی تیاریوں کی ہدایت کردی تھی اور تمام حکومتی اتحادی ارکان کو شہرمیں ہی رہنے اور اسمبلی اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی۔
مزیدخبریں