فرایئڈے ٹائمز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے نواسے جنید صفدر کی شادی عاشورہ کے فوراً بعد کی گئی تھی تاکہ وہ اپنی واپسی کے منصوبوں کو حتمی شکل دے سکیں۔ جنید صفدر اور عائشہ سیف کی منگنی کچھ عرصہ قبل ہی ہوئی تھی لیکن ان کی شادی کی تاریخ کے بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نواز شریف نے دولہے کی والدہ مریم نواز کی غیر موجودگی میں ذاتی طور پر تقریب کی نگرانی پر اصرار کیا۔
مزید یہ کہ نواز شریف نے فیصلہ کیا کہ مریم نواز شادی میں شرکت کے لیے تحریک انصاف حکومت سے ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں لیں گی۔
دریں اثنا ، مسلم لیگ (ن) کے بیشتر رہنما نواز شریف کی وطن واپسی کے بارے میں لاعلم ہیں۔ تاہم ، کچھ لوگ جو ان کی متوقع واپسی کے بارے میں آگاہ ہیں دوبارہ سے متحرک ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے ترجمان محمد زبیر نے بھی ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے قائد میاں محمد نواز شریف اگلے انتخابات سے قبل پاکستان آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ سمجھتی ہے کہ 2023 کے انتخابات میں ہر صورت میں وفاق میں حکومت بنانی ہے ، جس کے لیے شہباز شریف بہت تیزی سے آگے بڑھنا چاہ رہے ہیں اور ان کی نظریں 2023ء کے انتخابات پر ہیں ، اسی حوالے سے وہ مختلف لوگوں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں ، پارٹی میں مکمل طور پر متحرک ہیں اور یہ ملاقاتیں بہت اہم ہیں۔