لیاقت باغ راولپنڈی میں پیپلز پارٹی کے جیالے کل رات سے موجود ہیں اور شہید بی بی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر سے جیالوں کے قافلے راولپنڈی پہنچ چکے ہیں جو آج شہید بی بی کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری سے عہد وفا کریں گے۔
بینظیر بھٹو کے اس دنیا سے رخصت ہونے کا سانحہ کسی ایک ملک یا قوم کا نہیں بلکہ یہ ایک عالمی نقصان تھا۔ بینظیر بھٹو کی شہادت سے عالمی سطح پر خلا پیدا ہو گیا تھا اور آج تک کوئی بھی پاکستانی لیڈر اس خلا کو پُر کرنے میں کامیاب نہیں ہوا مگر شہید بی بی کے تربیت یافتہ بلاول بھٹو زرداری اس خلا کو پُر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
شہید بی بی نے مزدوروں، محنت کشوں اور کسانوں کے حقوق کی جنگ لڑی اور بی بی کی شہادت اور بچھڑ جانے کا نقصان بھی سب سے زیادہ پسے ہوئے طبقات، مزدوروں اور محنت کشوں کا ہوا۔
جو شہید بی بی کے اصول تھے وہی بی بی کے بیٹے کے اصول ہیں۔ بلاول بھٹو کی جدوجہد بھی عوام اور پسے ہوئے طبقات کے لئے ہے۔ عظیم باپ کی بہادر اور بینظیر بیٹی نے اپنے والد کے مشن کی تکمیل کے لئے جان کا نذرانہ پیش کر دیا مگر وقت کے آمر سے کسی قسم کی سودے بازی نہیں کی۔
شہید بی بی کا بیٹا بھی آج کے کٹھ پتلی حکمرانوں اور ان کی ڈوریں ہلانے والوں کو للکار رہا ہے۔ بی بی کے یوم شہادت سے کچھ روز قبل بلاول بھٹو کو نیب کا نوٹس بلاول کی زبان بندی کی ایک ناکام کوشش ہے۔ مت بھولیں، بلاول بھٹو زرداری شہید بھٹو کا نواسہ ہے جس نے تختہ دار پر لٹک کر عوام کے لئے جان دے دی مگر کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔ اس بہادر اور دلیر خاتون کا لخت جگر ہے جو بم دھماکوں کے بعد بھی نہیں گھبرائی۔ اس مرد حُر کا بیٹا ہے جس نے شہید بی بی سے وفا کے جرم میں سالوں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی مگر کوئی ڈیل نہیں کی۔ بلاول کو ڈرانے کی کوشش کرنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔
بی بی کے قاتل ہار گئے ہیں، بری طرح ناکام ہو گئے ہیں کیونکہ شہید بی بی کے ادھورے مشن کی تکمیل کا بیڑا ان کے بیٹے بلاول بھٹو زرداری نے اٹھا لیا ہے۔