گورنرخیبر پختونخواہ اور صوبائی وزیر نے میئر پشاور کا ٹکٹ 7 کروڑ روپے میں بیچا، پی ٹی آئی رہنما کا الزام

07:57 AM, 27 Dec, 2021

نیا دور
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد کے بھتیجے ارباب محمد علی نے الزام عائد کیا کہ گورنرخیبر پختونخواہ اور صوبائی وزیر نے میئر پشاور کا ٹکٹ 7 کروڑ روپے میں بیچا۔

خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف میں الزامات اور اندرونی اختلافات میں شدت آ گئی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی کے بھائی اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد کے بھتیجے ارباب محمد علی نے ایک ویڈیو میں گورنر خیبرپختونخواہ اور صوبائی وزیر ہائرایجوکیشن تعلیم پر میئر پشاور کا ٹکٹ 7 کروڑ میں فروخت کرنیکا الزام عائد کیا۔

ارباب محمد علی نے معاملے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا تاہم میئر پشاور کی نشست کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رضوان بنگش نے ٹکٹ کے عوض پارٹی قائدین کو رقوم دینے کی تردید کرتے ہوئے ارباب خاندان کو پارٹی کی ناکامی کا ذمہ دار قرار دیا۔

اس حوالے سے ارباب محمد علی نے کہا کہ کسی کو پیسے نہیں دیئے ، گورنر نے ٹکٹ کے فروخت اور بلدیاتی انتخابات میں پارٹی کی ناکامی کے اسباب معلوم کرنے کے لیے انکوائری کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا ۔ وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب نے ارباب محمد علی کی ویڈیو سے لاتعلقی کا اعلان بھی کیا۔

خیال رہے کہ خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کو جے یو آئی کے مقابلے میں بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کے بعد اس شکست پر پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات میں بھی اضافہ ہو گیا تھا۔ پی ٹی آئی کے کسی رہنما نے شکست کا ملبہ ٹکٹ کی تقسیم پر ڈالا تو کسی نے اندرونی اختلافات کو بلدیاتی انتخابات میں شکست کی وجہ قرار دیا۔
مزیدخبریں