آسٹریلوی ٹیم نے دورہ پاکستان کا اعلان کردیا

12:16 PM, 27 Dec, 2021

نیا دور
آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے سربراہ نیک ہوکلے نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کے خدشے باوجود ہماری ٹیم آئندہ سال پاکستان کا دورہ ضرور کریگی۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ 2022ء میں ہم ایک مکمل سیریز کیلئے اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ایک بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میچ، تین ون ڈے میچ اور تین ہی ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا انعقاد آئندہ سال مارچ اپریل میں ہوگا۔

بعد ازاں آسٹریلیا کے لیجنڈ کھلاڑی گریگ چیپل نے بھی ایک اخبار میں لکھے اپنے کالم میں کہا تھا کہ میں امید کرتا ہوں کہ آسٹریلوی ٹیم دو دہائیوں بعد 2022ء میں شیڈول کے مطابق دورہ پاکستان سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔

گریگ چیپل نے اپنے کالم میں لکھا کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور دنیائاے کرکٹ کو اس کی ضرورت ہے۔ اس ٹیم نے کھیل کو مایہ ناز بلے باز، سپینرز اور باصلاحیت فاسٹ بائولرز فراہم کئے۔

آسٹریلوی ٹیم نے آخری مرتبہ 1998ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان پاک سرزمین پر کوئی سیریز نہیں کھیلی گئی۔ تاہم دونوں ٹیمیں یو اے ای، انگلینڈ اور آسٹریلیا میں آمنے سامنے آتی رہی ہیں۔

نک ہوکلے نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ اومیکرون تشخیص اور تحفظات کے باوجود آسٹریلوی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کا فیصلہ حتمی ہے۔ ہماری ٹیم ضروری گرین شرٹس کیلئے کھیلنے جائے گی۔

آسٹریلوی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ ہمارا سیریز کے انعقاد کے سلسلے میں پاکستان حکام سے مکمل رابطہ ہے۔ سیکیورٹی امور کی جانچ کرنے کیلئے بھی ہماری ٹیم وہاں گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بظاہر صورتحال پیچیدہ ہے تاہم ہم دورہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ اگر دورہ پاکستان محفوظ ہے تو ہم ضرور اپنے کھلاڑیوں کو بھیجیں گے، اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے۔ پاکستان ہماری میزبانی کا مستحق ہے۔
مزیدخبریں