اگلا چیئرمین نیب کون ہوگا؟ 7 نئے نام سامنے آگئے

07:30 PM, 27 Dec, 2021

نیا دور
قومی احتساب بیورو ( نیب) کے نئے چیئرمین کیلئے اپوزیشن اور حکومت کی جانب سے 7 نام سامنے آگئے ہیں۔

حکومت کی جانب سے نئے چیئرمین نیب کیلئے (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل عملیش چوہدری، سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، سیکرٹری مذہبی امور اعجاز جعفر کے نام تجویز کیے گئے ہیں۔

اپوزیشن کی جانب سے جلیل عباس جیلانی، سلمان صدیق، ناصر محمود کھوسہ اور جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کے نام تجویز کئے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے نئے چیئرمین نیب کیلئے ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔ اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کو چیئرمین نیب کے لئے چار نام موصول ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام نے جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کا نام تجویز کیا ہے جبکہ ن لیگ ے ناصر محمود کھوسہ اور سلمان صدیق کا نام تجویز کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے سابق سفارتکار جلیل عباس جیلانی کا نام دیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی چاروں ناموں میں سے ایک نام فائنل کرکے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کو بھیجے گی۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا تجویز کردہ نام اپوزیشن لیڈر شہبازشریف حکومت کو بھجوائیں گے۔

خیال رہے کہ نیب کا کام ملک میں بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن کو روکنا اور ملوث افراد کو سزائیں دینا ہے۔ موجودہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال ہیں۔
مزیدخبریں